امریکی محکمۂ ڈاک نے سال 2026 کے لیے نیا دیوالی فار ایور ٹکٹ جاری کیا
امریکی محکمۂ ڈاک نے سال 2026 کے لیے نیا دیوالی فار ایور ٹکٹ جاری کیا واشنگٹن، 29 جون (ہ س)۔ امریکی محکمۂ ڈاک (یو ایس پی ایس) نے سال 2026 کے لیے نیا ’’دیوالی فارایور اسٹامپ‘‘ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستانی نژاد آرٹسٹ سنگیتا بھوٹاڑا کی تیار
امریکی محکمۂ ڈاک نے سال 2026 کے لیے نیا دیوالی فارایور اسٹامپ جاری کیا


امریکی محکمۂ ڈاک نے سال 2026 کے لیے نیا دیوالی فار ایور ٹکٹ جاری کیا

واشنگٹن، 29 جون (ہ س)۔ امریکی محکمۂ ڈاک (یو ایس پی ایس) نے سال 2026 کے لیے نیا ’’دیوالی فارایور اسٹامپ‘‘ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستانی نژاد آرٹسٹ سنگیتا بھوٹاڑا کی تیار کردہ رنگولی کا دلکش فن پارہ اس اسٹامپ کی اہم خصوصیت ہے۔ یہ پہل امریکہ میں ہندوستانی-امریکی برادری اور ہندوستانی ثقافتی روایات کی بڑھتی ہوئی پہچان کو ظاہر کرتی ہے۔

یو ایس پی ایس کے مطابق، یہ اسٹامپ اکتوبر میں جاری کیا جائے گا تاکہ دیوالی کے تہوار سے پہلے یہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ محکمۂ ڈاک نے کہا کہ دیوالی ہندو کیلنڈر کے اہم ترین تہواروں میں سے ایک ہے، جو برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت مانا جاتا ہے۔ سال 2026 میں دیوالی کا اہم تہوار 08 نومبر کو منایا جائے گا۔ نئے فارایور اسٹامپ میں روایتی رنگولی کے فن پارے کو جگہ دی گئی ہے۔ رنگولی ہندوستانی ثقافت میں خوشحالی اور برکت کی علامت مانی جاتی ہے اور اسے رنگ برنگے چاولوں، پھولوں کی پتیوں نیز دیگر قدرتی رنگوں سے بنایا جاتا ہے۔

رنگولی کی یہ تخلیق ہیوسٹن میں رہنے والی ہندوستانی نژاد آرٹسٹ سنگیتا بھوٹاڑا نے کی ہے، جو تقریباً تین دہائیوں سے اس روایتی لوک فن کی مشق کر رہی ہیں۔ اس فن پارے کی فوٹوگرافی وجے دیکشت نے کی ہے، جبکہ ڈاک ٹکٹ کا ڈیزائن جینیفر آرنلڈ نے تیار کیا اور اس کے آرٹ ڈائریکٹر ولیم جے گیکر رہے۔ یو ایس پی ایس نے بتایا کہ اس ٹکٹ کے یومِ اجرا تقریب کی تاریخ اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یہ نیا دیوالی اسٹامپ امریکہ کے ثقافتی تنوع کو ظاہر کرنے والے دیگر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ ان میں کرسمس، ہنوکا، کوانزا اور امریکی کوسٹ گارڈ اکیڈمی کی 150ویں سالگرہ سے جڑے خصوصی اسٹامپ بھی شامل ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ امریکہ میں پہلا دیوالی فارایوراسٹامپ 05 اکتوبر 2016 کو جاری کیا گیا تھا۔ ہندوستانی-امریکی برادری کے رہنماوں اور مختلف عوامی نمائندوں کی کوششوں سے یہ پہل ممکن ہوئی تھی۔ تب سے یہ اسٹامپ امریکہ میں ہندوستانی برادری کی بڑھتی ہوئی سماجی، ثقافتی اور سیاسی موجودگی کی ایک اہم علامت بن گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande