
کاٹھمنڈو، 30 جون (ہ س)۔ نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے اب روبوٹ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدام کے تحت ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے انتظام سے لے کر آگاہی کی کلاسز کے انعقاد کرنے تک مختلف کاموں کے لیے روبوٹس کی آزمائش کا کام شروع کیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں روبوٹس کو ان چوراہوں پر تعینات کیا گیا ہے جہاں سب سے زیادہ ٹریفک بھیڑ ہے۔ دارالحکومت کے مصروف ترین چوراہوں پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعداد کم کر دی گئی ہے اور روبوٹس کو ان ڈرائیوروں کے لیے آگاہی سیشن کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے جنہیں ٹریفک کی مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں۔
ٹریفک کے نظام کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ جن ڈرائیوروں نے لین کی خلاف ورزی، ریڈ لائٹس جمپ کیا ہو، شراب پی کر گاڑی چلانے، نشے میں ڈرائیونگ کی ، تیز رفتاری سے گاڑی چلائی ہو، انہیں سزا کے طور پر جو ٹریننگ دی جا رہی ہے ، وہ کام روبوٹ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
کاٹھمنڈو ٹریفک کے ایس ایس پی سریش کافلے نے کہا کہ روبوٹ کو فی الحال تربیت دی جا رہی ہے اور اسے مختلف ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں یہ مکمل طور پر آزادانہ طور پر آگاہی کلاسز کا انعقاد کر سکے۔
ٹریفک پولیس روزانہ تقریباً 600 ٹریفک خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے آگاہی کلاسز کا انعقاد کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ، غلط طریقے سے سڑک پار کرنے والے پیدل چلنے والوں کو آگاہ کرنے کے لیے بھی روبوٹ کے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی کافلے نے کہا کہ مکمل تربیت حاصل کرنے کے بعد روبوٹ ٹریفک پولیس کی وردی پہن کر ورچوئل ٹریفک آفیسر کے طور پر کام کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد