
انگلینڈ نے ہندوستان کو تیسرے ٹی 20 میں 6 وکٹ سے ہرایا، سیریز 1-2 سے جیتی
ٹانٹن، 3 جون (ہ س)۔ ایلس کیپسی اور ہیدر نائٹ کی بہترین بلے بازی کی بدولت انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کی دیر رات (ہندوستانی وقت کے مطابق بدھ) کو ہندوستان کو آخری ٹی 20 مقابلے میں 6 وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔ 181 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد شاندار واپسی کی اور 18.3 اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی شروعات خراب رہی۔ دوسرے ہی اوور میں ڈینی ویاٹ-ہا ج آوٹ ہو گئیں، جبکہ صوفیہ ڈنکلی بھی جلدی پویلین لوٹ گئیں۔ پاور پلے کے آخری اوور میں ایمی جونز کی وکٹ گرنے کے بعد انگلینڈ دباو میں نظر آ رہا تھا۔ تاہم اس کے بعد ایلس کیپسی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے ہندوستانی گیند بازوں پر مسلسل حملہ بولا اور محض 26 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ دوسری طرف کپتان ہیدر نائٹ نے صبر و تحمل کے ساتھ اننگ کو سنبھالا اور آہستہ آہستہ رن بنانے کی رفتار بڑھائی۔
دونوں بلے بازوں کے درمیان سنچری شراکت داری نے ہندوستان کی واپسی کی امیدوں کو ختم کر دیا۔ کیپسی نے 82 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی، جبکہ نائٹ 70 رن بنا کر ناٹ آوٹ لوٹیں۔ آخر میں نائٹ نے چوکے کے ساتھ انگلینڈ کو جیت دلائی۔ اس سے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 20 اوور میں 180 رن بنائے تھے۔ ہندوستانی ٹیم کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی اور دونوں سلامی بلے باز جلدی آوٹ ہو گئیں۔
اس کے بعد یاستیکا بھاٹیا نے تیز بلے بازی کرتے ہوئے پاور پلے میں رن بنانے کی رفتار کو برقرار رکھا۔ انہوں نے دلکش شاٹس لگائے لیکن رن آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔ مڈل آرڈر میں کپتان ہرمن پریت کور نے ذمہ داری سنبھالی اور ناٹ آوٹ 56 رن بنائے۔ تاہم آخری پانچ اووروں میں ہندوستانی ٹیم محض 48 رن ہی جوڑ سکی، جو آخر میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
انگلینڈ کی جانب سے لورین بیل نے اہم دو وکٹ حاصل کیے۔
مختصر اسکور:
ہندوستان خواتین: 180/5 (20 اوور) - ہرمن پریت کور *56، یاستیکا بھاٹیا 32؛ لورین بیل 2/36
انگلینڈ خواتین: 184/4 (18.3 اوور) - ایلس کیپسی 82، ہیدر نائٹ *70؛ اروندھتی ریڈی 2/31
نتیجہ: انگلینڈ خواتین 6 وکٹ سے فاتح۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن