
حیدرآباد، 29 جون (ہ س) -وزیر اعلی ریونت ریڈی نے آج نلگنڈہ ضلع میں 13 ہزار کروڑ سے تعمیر کی جانے والی 6300 کلو میٹر سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، اتم کمار ریڈی اور دیگر عوامی نمائندوں کے ہمراہ نلگنڈہ ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن کے آب رسانی پروجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔
انہوں نے ترقیاتی کاموں کے افتتاح و سنگ بنیاد کے بعد ناگرجنا ڈگری کالج گراؤنڈ پرجلسہ عام سے متحدہ نلگنڈہ ضلع کی جامع ترقی کاوعدہ کیا۔ ریونت ریڈی نے بی آرایس کے 10 سالہ دور حکومت اورکانگریس کے دو سالہ دورحکمرانی کی کارکردگی پر بی آرایس قائدین کواسمبلی میں مباحث کا چیالنج کیا۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کو تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کا آشیرواد حاصل ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ 13 ہزار کروڑ سے آر اینڈ بی کی جانب سے ہیم روڈس کی تعمیر کو نلگنڈہ کی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہاکہ نلگنڈہ کو مثالی ترقی یافتہ ضلع میں تبدیل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے سابق میں آنجہانی کونڈالکشمن باپوجی نے وزارت کی قربانی دی تھی۔ ان کے بعد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ کے لئے وزارت سے استعفی دے دیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ بی آر ایس نے علیحدہ تلنگانہ کے لئے کوئی قربانی نہیں دی بلکہ الیکشن، سلیکشن اور کلکشن اس کے بنیادی اصول ہیں۔ 1969 میں کونڈا لکشمن باپو جی اور بعد میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنے عہدوں کی قربانی دی۔ تلنگانہ کے لئے سینکڑوں نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی اور ان کی قربانیوں کے نتیجہ میں علیحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں محض ایک خاندان کی بھلائی ہوئی ۔ انہوں نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کے خلاف الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کو دیکھتے ہوئے عوام نے اقتدار سے بے دخل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی آر ایس کو دوبارہ اقتدار کے لئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ بی آر ایس نے کابینہ میں خواتین کو شامل نہیں کیا جبکہ کانگریس نے دو خواتین کو وزیر بنایا ہے۔ اقتدار کے فوری بعد 16 ہزار کروڑ خرچ کرتے ہوئے غریبوں کو باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے 10 برسوں میں کبھی بھی غریبوں کی بھلائی کی فکر نہیں کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق