
جے پور، 29 جون (ہ س)۔ جے پور-اجمیر قومی شاہراہ 48 پر پیر کی صبح ایک تیز رفتار ٹرک نے کھڑی بس کو ٹکر مار دی ۔حادثہ میں تین افراد ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ بس سڑک کے کنارے کھائی میں الٹ گئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ صبح 5 بجے کے قریب دودو علاقے کے موکھم پورہ تھانہ علاقے کے محلہ گاو¿ں کے قریب پیش آیا۔ بس میں تقریباً 20 لوگ سوار تھے جو چتوڑ گڑھ کے سانوریہ سیٹھ مندر کے درشن کے بعد جے پور واپس جا رہے تھے۔
موکھم پورہ تھانے کے افسر سریش کمار گرجر نے بتایا کہ واپسی کے دوران بس کا ایکسل ٹوٹ گیا۔ اس کے بعد ڈرائیور نے بس کو سڑک کے کنارے کھڑا کیا اور اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے بس کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے باعث بس سڑک کے کنارے کھائی میں الٹ گئی۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں مادھوراج (30) ولد ستیش ساکن گھاٹ کی گنی (جے پور)، راہل ہریجن (29) ولد انل ساکن چاندپول (جے پور) اور بس ڈرائیور ستارام (30) کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ تین دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے راحت اور بچاو کا کام شروع کیا۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں جے پور کے سوائی مان سنگھ (ایس ایم ایس) اسپتال ریفر کردیا گیا۔ پولیس فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی