
علی گڑھ, 29 جون (ہ س)۔
کمشنر علی گڑھ منڈل سنگیتا سنگھ کی صدارت میں کمشنری آڈیٹوریم میں سی ایم ڈیش بورڈ اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ، چیف ڈیولپمنٹ افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر نے ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں میں مزید تیزی لائی جائے اور حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ ہر مستحق فرد تک بروقت پہنچایا جائے۔ انہوں نے جل جیون مشن، آئی جی آر ایس، شجرکاری مہم، پنچایت منصوبوں، جننی سرکشا یوجنا، پی ایم کسان، آر ٹی ای داخلوں اور دیگر سرکاری اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے معیار اور شفافیت پر خصوصی زور دیا۔
انہوں نے سرکاری دفاتر اور اداروں میں فائر سیفٹی، موک ڈرل، لفٹ سیفٹی آڈٹ اور برسات و کانوڑ یاترا کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں آئی جی آر ایس شکایات کے مؤثر ازالے پر علی گڑھ کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ اویناش کمار نے بتایا کہ تمام زیر التوا شکایات کا معیاری طریقے سے ازالہ کرایا گیا، جس پر کمشنر نے اطمینان کا اظہار کیا۔
آخر میں سنگیتا سنگھ نے کہا کہ سرکاری ملازمت عوامی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے اور افسران کو حساسیت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے عوامی فلاح کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ