
بھونیشور، 26 جون (ہ س)۔
اوڈیشہ حکومت کی طرف سے اسکول کی نصابی کتابوں میں پائی جانے والی فاش غلطیوں کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کو سونپی ہے۔ ترقیاتی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی نے تحقیقات مکمل کی اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے مقرر کردہ سات دن کی ڈیڈ لائن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کی۔ موجودہ تعلیمی سیشن کے لیے اسکول کی نصابی کتابوں میں متعدد حقائق پر مبنی اور ادارتی غلطیاں سامنے آنے کے بعد یہ مسئلہ متنازعہ ہوگیا تھا۔ اساتذہ، والدین اور اپوزیشن نے حکومت کے کام کاج پر سوال اٹھائے۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ترقیاتی کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی کو نصابی کتب کی تیاری، تدوین، جائزہ اور اشاعت کے تمام عمل کا جائزہ لینے اور غلطیوں کے ذمہ دار حکام اور متعلقہ اداروں کی نشاندہی کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ سات دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
کمیٹی نے اب اپنی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کر دی ہے۔ ریاستی حکومت رپورٹ کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔
تنازعہ کے منظر عام پر آنے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قصوروار پائے جانے والے افسران اور متعلقہ ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اب جب کہ یہ رپورٹ حکومت تک پہنچ گئی ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ تحقیقات میں ذمہ دار ٹھہرائے گئے اہلکاروں اور اداروں کے خلاف جلد ہی ضروری انتظامی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ