
محرم کے موقع پر شیئر بازار میں چھٹی، کموڈٹی سیگمنٹ میں شام کے سیشن میں کاروبار ہوگا
نئی دہلی، 26 جون (ہ س)۔ محرم کے موقع پر گھریلو شیئر بازار میں آج چھٹی ہے۔ اس چھٹی کے سبب بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) میں آج کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کی طرح ہی ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں بھی محرم کی چھٹی ہونے کی وجہ سے دن کے پہلے سیشن میں یعنی صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کاروبار نہیں ہوگا۔ حالانکہ ایم سی ایکس میں شام پانچ بجے سے رات 11.30 اور 11.55 بجے تک دوسرے سیشن میں معمول کے مطابق کاروبار ہوگا۔
اسٹاک ایکسچینج کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق محرم کی چھٹی ہونے کے سبب بی ایس ای میں ایکویٹی سیگمنٹ، ایکویٹی ڈیریویٹوز سیگمنٹ، کرنسی ڈیریویٹوز سیگمنٹس، نیو ڈیٹ سیگمنٹ۔ رپورٹنگ، سیٹلمنٹ اینڈ ٹریڈنگ پلیٹ فارم (این ڈی ایس۔ آر ایس ٹی)، ٹرائی پارٹی ریپو سبھی کے لیے ٹریڈنگ ہالیڈے رہے گا۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک گولڈ ریسیٹس (ای جی آر)، کموڈٹی ڈیریویٹوز سیگمنٹ میں دن کے سیشن میں کاروبار نہیں ہوگا، لیکن ان کے لیے شام کے سیشن میں شام پانچ بجے سے رات 11.30 اور 11.55 بجے تک معمول کے مطابق کاروبار ہوگا۔
اسی طرح این ایس ای میں بھی محرم کی چھٹی ہونے کے سبب ایکویٹیز، ایکویٹی ڈیریویٹوز، کارپوریٹ بانڈز، نیو ڈیٹ سیگمنٹس، نیگوشی ایٹڈ ٹریڈ رپورٹنگ پلیٹ فارم، میوچل فنڈز، سیکیورٹی لینڈنگ اینڈ بارونگ اسکیمز، کرنسی ڈیریویٹوز، کموڈٹی ڈیریویٹوز اور انٹرسٹ ریٹ ڈیریویٹوز سبھی سیگمنٹس میں چھٹی رہے گی۔ کموڈٹی ڈیریویٹوز کو چھوڑ کر ان سبھی میں آج کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔ کموڈٹی ڈیریویٹوز میں صبح کے سیشن میں ٹریڈنگ بند رہے گی، لیکن شام کے سیشن میں شام پانچ بجے سے رات 11.30 اور 11.55 بجے تک معمول کے مطابق کاروبار ہوگا۔
اسٹاک مارکیٹ کے ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق جون میں آج محرم کی چھٹی کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹی کو چھوڑ کر اور کوئی چھٹی نہیں ہے۔ جون کے بعد جولائی اور اگست میں بھی اسٹاک مارکیٹ میں ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ اور کوئی چھٹی نہیں ہوگی۔ ستمبر کے مہینے میں 14 تاریخ کو گنیش چترتھی کی چھٹی ہوگی۔
اس کے بعد اکتوبر کے مہینے میں دو تاریخ کو مہاتما گاندھی جینتی کے سبب اسٹاک مارکیٹ میں کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔ اسی مہینے 20 تاریخ کو اسٹاک مارکیٹ میں دسہرہ کی چھٹی ہوگی، جبکہ 10 نومبر کو بلی پرتی پدا کے سبب اسٹاک مارکیٹ میں چھٹی رہے گی۔ نومبر کے مہینے میں 24 تاریخ کو شری گرو نانک دیو گرو پورب کی چھٹی رہے گی۔ اسی طرح سال کے آخری مہینے دسمبر میں 25 تاریخ کو کرسمس کی چھٹی رہے گی۔
اس سال یومِ آزادی یعنی 15 اگست ہفتہ کے دن رہنے والا ہے۔ اسی طرح دیوالی آٹھ نومبر کو اتوار کے دن ہوگی۔ ہفتہ اور اتوار ہونے کی وجہ سے ان دونوں دنوں کو اسٹاک مارکیٹ کے ہالیڈے کیلنڈر میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ دیوالی کے دن اتوار ہونے کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں مہورت ٹریڈنگ ہوگی۔ حالانکہ مہورت ٹریڈنگ کا وقت بعد میں مطلع کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن