
جموں, 26 جون (ہ س)۔
سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر یاتریوں کی متوقع بڑھتی ہوئی آمد کو دیکھتے ہوئے ڈی آئی جی ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار شرما نے کٹرامیں شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے سیکورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کٹرا سے بھون تک یاترا روٹ کا بھی معائنہ کیا گیا اور سیکورٹی و انتظامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس ایس پی ریاسی، ایس پی کٹرا،ایس ڈی پی او کٹرا، ڈی وائی ایس پی بھون، فوج، سی آر پی ایف، انٹیلی جنس بیورو، سی آئی ڈی، ریلوے، ٹریفک پولیس اور شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔
ایس ایس پی ریاسی نے کٹرا یاترا روٹ اور مقدس بھون کے سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اجلاس میں سی سی ٹی وی نگرانی، نفری کی تعیناتی، ہنگامی ردعمل اور مختلف اداروں کے درمیان تال میل کا جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی نے حساس پہاڑی علاقوں، بلند چوٹیوں اور یاترا روٹ پر سیکورٹی مزید سخت کرنے، اچانک ناکے قائم کرنے، گاڑیوں کی سخت چیکنگ، مشترکہ گشت، پیدل نگرانی اور ولیج ڈیفنس گارڈز کو فعال رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے ہجوم کے مؤثر انتظام، طبی سہولیات، مواصلاتی نظام اور ہنگامی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں ہوٹلوں، لاجوں، گیسٹ ہاؤسز اور ہوم اسٹیز کی باقاعدہ جانچ اور تصدیق کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی آئی جی نے متعلقہ تمام ایجنسیوں کو باہمی رابطہ، انٹیلی جنس شیئرنگ اور فوری ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کو محفوظ، پرامن اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر