
امراوتی، 26 جون (ہ س)۔ امراوتی شہر میں سمرتھ مہاودیالیہ کے قریب راجاپیٹھ۔بدنیرا روڈ پر جمعہ کی صبح تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان موقع پرہی ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا، جس کا ضلع سرکاری اسپتال (ارون) میں علاج جاری ہے۔ اس واقعے پر علاقے میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ متوفی کی شناخت سوامیل عرف گولو سارنگدھر پاٹل (28)، ساکن مالکھیڈ، تعلقہ چاندور ریلوے، کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ اس کے ساتھ موجود ابھیشیک شنکر وانکھیڈے (24)، ساکن گوپال نگر، امراوتی، شدید زخمی ہوئے ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایم ایچ 27 بی ایکس 7570 نمبر کی بولیرو پک اپ گاڑی نے موٹر سائیکل کو زوردارٹکرماردی، جس کے نتیجے میں یہ مہلک حادثہ پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور سوامیل پاٹل موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقامی شہریوں نے فوری طورپرامدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمی کواسپتال منتقل کیا۔ اس معاملے میں بولیرو پک اپ کے ڈرائیور نکھیل نرمل کشواہ (19)، ساکن ساتورنا ڈی پی ایس روڈ، کرانتی کالونی، امراوتی، کو راجاپیٹھ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے اور پولیس اس کی تفصیلی تحقیقات کررہی ہے۔ جائے حادثہ پر فارنسک ٹیم کو طلب کرکے پنچنامہ کیا گیا ہے۔ زخمی ابھیشیک وانکھیڈے کا بیان قلمبند ہونے کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ اس حادثے کے باعث راجاپیٹھ۔بدنیرا روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک بھی متاثررہی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے