نائب وزیر اعلیٰ نے سندر بنی کے کالاکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا
نائب وزیر اعلیٰ نے سندر بنی کے کالاکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جموں، 26 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ضلع راجوری کے دورے کے دوران سندربنی اور کالاکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائز
Dy cm


نائب وزیر اعلیٰ نے سندر بنی کے کالاکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

جموں، 26 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ضلع راجوری کے دورے کے دوران سندربنی اور کالاکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ کالاکوٹ روانگی کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے سندربنی میں متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کیا، جس میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاحی اسکیموں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کو بروقت اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ ان کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔

بعد ازاں سریندر چودھری نے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سندربنی کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو معیار برقرار رکھنے اور کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔کالاکوٹ میں نائب وزیر اعلیٰ نے باروہی دربار پر حاضری دی اور امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے علاقے کے روحانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دورے کے دوران انہوں نے مقامی باشندوں، عوامی نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل، تجاویز اور ترقیاتی مطالبات غور سے سنے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ڈاک بنگلہ کالاکوٹ میں نائب وزیر اعلیٰ نے افسران اور عوام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا، جس میں ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے جوابدہ، شفاف اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوامی توقعات کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ اور ان کی آراء و تجاویز پائیدار ترقی اور بہتر معیارِ زندگی کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande