
جموں, 26 جون (ہ س)۔
بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کو اپنے دورۂ لداخ کے دوران راج نواس، لیہہ میں لیفٹیننٹ گورنر لداخ وِنئے کمار سکسینہ سے ملاقات کی۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب فوج سرحدی علاقوں میں آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے اور سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر سول اور فوجی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے، یونین ٹیریٹری انتظامیہ اور مسلح افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے، اگنی ویروں کی لداخ انتظامیہ میں دوبارہ ملازمت کے امکانات اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لداخ میں امن، استحکام اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔واضح رہے کہ جنرل اوپیندر دویدی نے جون 2024 میں بھارتی فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ 30 جون 2026 کو اپنی مدتِ ملازمت مکمل کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر