
۔ نئے ہیڈ کوچ فریڈرک سویز کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم جولائی میں آسٹریا، بیلجیم، جرمنی اور ہالینڈ کے خلاف چھ میچ کھیلے گی
نئی دہلی، 25 جون (ہ س)۔ ہندوستانی جونیئر (انڈر 21) مردوں کی ہاکی ٹیم بیلجیم کے ایکسپوزر دورے کے لیے تیار ہے، جہاں وہ آسٹریا، بیلجیم، جرمنی اور ہالینڈ کے خلاف چھ اعلیٰ سطحی میچ کھیلے گی۔ یہ دورہ اس سال کے آخر میں مردوں کے جونیئر ایشیا کپ سے قبل نئے ہیڈ کوچ فریڈرک سویز کی قیادت میں ٹیم کی تیاریوں کا ایک اہم حصہ ہوگا۔
اس دورے کے دوران ہندوستانی ٹیم آسٹریا اور بیلجئم کے خلاف دو -دو اور جرمنی اور ہالینڈ کے خلاف ایک- ایک میچ کھیلے گی۔ 7 سے 17 جولائی 2026 کے درمیان کھیلے جانے والے چھ میچوں میں سے پانچ، بیلجیم کے شہر واورے کے بیلفیئس ہاکی ایرینا میں ہوں گے، جب کہ ٹور کا آخری میچ ہالینڈ کے خلاف اینٹورپ کے ہاکی سینٹر آف ایکسی لینس میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 7 جولائی کو آسٹریا کے خلاف کرے گا، جس کے بعد 8 جولائی کو اسی ٹیم کے خلاف دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم پھر 10 جولائی کو میزبان بیلجیم سے ٹکرائے گی۔ جرمنی کے خلاف ایک میچ 13 جولائی کو ہوگا، اس کے بعد 14 جولائی کو ایک بار پھر بیلجیم کا سامنا کرے گی ۔ دورے کا آخری میچ 17 جولائی کو ہالینڈ کے خلاف ہوگا۔
یہ دورہ نوجوان ہندوستانی ٹیم کے لیے یورپ کی کچھ مضبوط ہاکی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو جانچنے کا ایک بہترین موقع ہوگا۔ ساتھ ہی ساتھ سال کے آخر میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں سے قبل مختلف حالات اور کھیل کے مختلف اندازوں کے خلاف بھی تجربہ حاصل کرنا ہوگا۔
ٹور سے قبل بات کرتے ہوئے، نئے تعینات ہونے والے ہیڈ کوچ فریڈرک سویز نے کہا،’’میں اس گروپ کے ساتھ اپنے پہلے ٹور کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ یہ ایک مختلف ماحول میں کھلاڑیوں کو بہتر طور پر سمجھنے اور ہمارے کھیل کے منصوبے کی بنیاد رکھنے کا بہترین موقع ہے۔ اس طرح کے دورے ہمیشہ اہم ہوتے ہیں کیونکہ یہ ٹیم کی ہم آہنگی کو بڑھانے، مشترکہ افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور ایک مضبوط ٹیم کی شناخت بنانے میں مدد کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا،’’یہ میچ ہمارے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ یہ ہمیں ایسے ہی حالات میں کھیلنے کا موقع فراہم کریں گے جن کا ہمیں بڑے مقابلوں میں سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سے ہمیں اپنی موجودہ کارکردگی کی سطح کا اندازہ لگانے، دباؤ میں اپنی گیم کی حکمت عملیوں پر عمل درآمد کرنے کی صلاحیت کو جانچنے اور مضبوط مخالفین کے خلاف ہمارے ردعمل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔‘‘
کوچ نے یقین ظاہر کیا کہ یہ دورہ ٹیم کی تیاریوں کو ایک نئی سمت دے گا اور آنے والے بین الاقوامی چیلنجز کے لیے کھلاڑیوں کو بہتر طریقے سے تیار کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد