
ڈونگر پور، 25 جون (ہ س)۔ دنیا بھر میں آباد تارکین وطن راجستھانیوں کو ان کی مادر وطن سے جوڑنے کی سمت ایک اہم قدم میں، کویت میں 'راجستھان فاونڈیشن چیپٹر' قائم کیا گیا ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اور راجستھان فاونڈیشن کے صدر نے کویت میں معروف غیر ملکی سماجی کارکن ڈایالال کمہار (پرجاپتی) کو اس نو تشکیل چیپٹرکے پہلے صدر کے طور پر نامزد کیا ہے۔ اصل میں راجستھان کے ضلع ڈونگر پور کی تحصیل گلیا کوٹ کے گریاتا کے رہنے والے ڈایالال کمہار ایک طویل عرصے سے کویت میں سماجی، ثقافتی اور کمیونٹی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی تقرری نے کویت سمیت دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن راجستھانیوں میں خوشی اور فخر کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔
راجستھان فاونڈیشن کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر رہنے والے غیر رہائشی راجستھانی (این آر آر) اور ریاستی حکومت کے درمیان ایک مضبوط پل بنانا ہے۔ کویت چیپٹر کے ذریعے، خلیجی ملک میں رہنے والے تارکین وطن اب راجستھان حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں، سرمایہ کاری کے مواقع، اسٹارٹ اپ، سیاحت، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے پروگراموں سے براہ راست جڑ جائیں گے۔ یہ پلیٹ فارم تارکین وطن کو صنعتوں کے قیام، روزگار پیدا کرنے اور ریاست میں سماجی ترقی کے منصوبوں میں حصہ لینے میں ضروری رہنمائی اور مدد فراہم کرے گا۔
اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ستیش پنچال ( ساکن پاٹیا، ادے پور) راجستھان درپن ایسوسی ایشن کویت کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ دیالال کمہار کا وسیع تجربہ اور قائدانہ صلاحیتیں کویت میں مقیم راجستھانی کمیونٹی کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیپٹر راجستھان حکومت، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور نوجوان پیشہ ور افراد کے درمیان تال میل کو فروغ دے کر ریاست میں تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور انسان دوستی کی سرگرمیوں کو ایک نئی تحریک فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی