
آکلینڈ، 22 جون (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے ایف آئی ایچ ویمنس نیشن کپ نیوزی لینڈ 26-2025 کا خطاب جیتنے کے بعد کہا کہ ٹیم نے ٹرافی جیتنے کے لیے شروع سے ہی واضح ہدف مقرر کیا تھا۔ ہندوستان نے فائنل میں میزبان نیوزی لینڈ کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا اور اگلے سیزن کی ایف آئی ایچ پرو لیگ میں بھی جگہ پکی کی۔
ہندوستانی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔ انہوں نے لیگ مرحلے میں امریکہ، جاپان اور یوراگوئے کو، سیمی فائنل میں چلی اور پھر فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارت نے ٹائٹل میچ میں شاندار آغاز کیا۔ نونیت کور نے چوتھے منٹ میں پہلا گول کیا جبکہ سنیلیتا ٹوپو نے 15ویں منٹ میں برتری کو دگنا کردیا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے مضبوط دفاع کی بدولت میچ محفوظ کرلیا۔
جیت کے بعد کپتان سلیمہ ٹیٹے نے پیر کو ہاکی انڈیا کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا، اس ٹرافی کو اٹھانا ایک شاندار احساس ہے۔ ہماری پوری ٹیم نے اس کامیابی کے لیے سخت محنت کی۔ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں ٹرافی کے ساتھ ہندوستان واپسی کے مقصد کے ساتھ حصہ لیا۔ پرو لیگ میں واپسی ہمارے لیے بہت اہم تھی، اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے اپنا مقصد حاصل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتح آئندہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے اعتماد میں مزید اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ورلڈ کپ سے پہلے ہمیں نئی توانائی اور یقین دے گی۔ ٹیم اس وقت مضبوط ذہنیت کے ساتھ کھیل رہی ہے، اور یہ فتح ہماری تیاریوں کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
چیف کوچ سجارڈ ماریجن نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دباؤ میں فائنل جیتنا کھلاڑیوں کی ذہنی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے نظم و ضبط کے ساتھ دفاع اور پنالٹی کارنر پر بہترین کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
اس کامیابی کے لیے ہاکی انڈیا نے ہر کھلاڑی کے لیے 3 لاکھ روپے اور معاون عملہ کے ہر رکن کے لیے 1.5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد