
جموں, 20 جون (ہ س)۔
سالانہ شری امرناتھ یاترا سے قبل سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر سفر کو مزید محفوظ اور ہموار بنانے کے لیے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے زیر تعمیر اہم سرنگ اور وائڈکٹ کے بعض حصوں کو ٹریفک کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کے مطابق فور لین جموں سرینگر قومی شاہراہ منصوبے کے آخری مرحلے میں رام بن اور بانہال کے درمیان جاری تعمیراتی کام کے تحت ڈگڈول اور پنتھیال کے درمیان تقریباً ساڑھے تین کلومیٹر طویل سرنگ کے ایک حصے کو امرناتھ یاترا کے دوران ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مکرکوٹ اور شیر بی بی کے درمیان زیر تعمیر تقریباً 800 میٹر طویل وائڈکٹ کو بھی قابل استعمال بنایا جائے گا۔
این ایچ اے آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شبھم یادو نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مروگ اور رامسو سیکشن میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، یاتریوں اور دیگر مسافروں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانا اور شاہراہ کے حساس مقامات پر بار بار پیش آنے والی رکاوٹوں سے نجات دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈگڈول-پنتھیال سیکشن میں واقع خونی نالہ اور پنتھیال کے علاقے ماضی میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھروں کے باعث اکثر بندش کا شکار رہتے تھے، تاہم سرنگ کے اس حصے کے کھلنے سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ خطرناک علاقوں سے گزرنے کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔
شبھم یادو کے مطابق گزشتہ برس ادھم پور ضلع کے بعض علاقوں میں بادل پھٹنے، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مقامات پر بحالی اور استحکام کے تقریباً 90 فیصد کام مکمل کیے جا چکے ہیں اور یاترا کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل نقل و حرکت کے لیے اضافی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔این ایچ اے آئی حکام کا کہنا ہے کہ رام بن اور بانہال کے درمیان باقی سرنگوں اور وائڈکٹ منصوبوں کی تکمیل کے بعد سری نگر-جموں قومی شاہراہ کے دشوار گزار حصے میں سفر مزید تیز، محفوظ اور سال بھر قابل اعتماد بن جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر