
اوریا، 20 جون (ہ س): اتر پردیش کے اوریا ضلع کے دبیا پور قصبے کے وکاس کنج علاقے میں ہفتہ کے روز اس وقت غم و غصہ چھا گیا جب ٹھیکیدار پرم ہنس پانڈے اور ان کے انجینئر بیٹے پشپندر پانڈے - جو ایک سڑک حادثے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، کی ارتھیاں اٹھیں۔ باپ بیٹے کی آخری الوداعی کے دلخراش منظر نے سب کی آنکھیں نم کر دیں۔ اہل خانہ کی آہوں اور غم کے درمیان پورا محلہ سوگ میں ڈوب گیا۔ جمعہ کی صبح متھرا کے قریب یمنا ایکسپریس وے پر ایک خوفناک سڑک حادثے میں دونوں کی موت ہوگئی۔
دبیا پور کے رہنے والے پرم ہنس پانڈے اپنے بیٹے پشپیندر پانڈے کے ساتھ کار سے گجرات کے وڈودرا جا رہے تھے۔ راستے میں، بلدیو تھانہ علاقے کے تحت براؤلی گاؤں کے قریب 136 میل کے پتھر کے قریب، ان کی کار بے قابو ہوگئی اور سلطان پور ڈپو روڈ ویز کی بس سے ٹکرا گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کو پہچاننا مشکل ہو رہا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم دونوں باپ بیٹا پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے۔ سانحہ کی خبر سے اہل خانہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
پرم ہنس پانڈے اصل میں غازی پور ضلع کے رہنے والے تھے۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ دبیا پور میں رہتے تھے جبکہ وڈودرا، گجرات میں مکینیکل ٹھیکیدار کے طور پر کام کرتے تھے۔ ان کے بڑے بیٹے پشپیندر پانڈے نے مکینیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی تھی اور وہ وڈودرا میں ملازم تھے۔
خاندان کے ارکان نے بتایا کہ انہوں نےصرف چند ماہ قبل نئی کار خریدی تھی جس میں وہ گجرات جا رہے تھے۔ ہفتہ کو باپ بیٹے کی آخری رسومات قنوج کے مہندی گھاٹ میں ادا کی گئیں۔ جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دونوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سابق وزیر مملکت برائے زراعت لکھن سنگھ راجپوت، نگر پنچایت چیئرپرسن راگھو مشرا، بی جے پی لیڈر کملیش اوستھی اور گریش تیواری، اور ایس پی لیڈر وپن گپتا سمیت سینکڑوں لوگ سوگوار خاندان سے تعزیت کرنے پہنچے۔ جاں بحق ہونے والے باپ بیٹے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سب نے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد