اے ایم یو کے سابق طالب علم پروفیسر راجیو کے وارشنے، ایگری فوڈ کی دنیا کے ممتاز محققین میں شامل
علی گڑھ, 20 جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ممتاز سابق طالب علم پروفیسر راجیو کے وارشنے، ایف آر ایس، ایف اے اے کو ورلڈ فوڈ پرائز فاؤنڈیشن کی جانب سے ‘‘ٹاپ ایگری فوڈ پائنیئرز (ٹی اے پی) 2026’’ میں شامل کیا گیا۔ یہ اعزاز عالمی سطح کے 40 موجد
راجیو


علی گڑھ, 20 جون (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ممتاز سابق طالب علم پروفیسر راجیو کے وارشنے، ایف آر ایس، ایف اے اے کو ورلڈ فوڈ پرائز فاؤنڈیشن کی جانب سے ‘‘ٹاپ ایگری فوڈ پائنیئرز (ٹی اے پی) 2026’’ میں شامل کیا گیا۔ یہ اعزاز عالمی سطح کے 40 موجدین اور محققین کے ایک خصوصی گروپ کو دیا گیا ہے، جس کا انتخاب اس باوقار انعام کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔ پروفیسر راجیو کے وارشنے کو یہ اعزاز زرعی جینومکس، فصلوں کی بہتری اور عالمی غذائی تحفظ کے شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ جینومکس کی مدد سے افزائشِ نسل، پین جینومکس اور اطلاقی زرعی سائنس کے میدان میں ان کی تحقیق نے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ اور زیادہ پیداوار دینے والی فصلوں کی اقسام تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے ایشیا، افریقہ اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کے لاکھوں کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

پروفیسر وارشنے نے اپنی کامیابی کا سہرا یونیورسٹی سے حاصل ہونے والی مضبوط علمی بنیاد کو دیا۔ انہوں نے کہا‘‘اے ایم یو نے میرے اندر فکری جستجو، سائنسی مزاج اور اعلیٰ کارکردگی کے عزم کی آبیاری کی۔ میں اپنے اساتذہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جن کی رہنمائی نے میری زندگی کا رخ متعین کیا اور مجھے زراعت اور غذائی تحفظ کے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔’’ اے ایم یو انتظامیہ اور دنیا بھر میں پھیلے سابق طلبہ نے پروفیسر وارشنے کو اس ممتاز بین الاقوامی اعزاز پر مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی شہرت یافتہ محققین پیدا کرنے کی اے ایم یو کی درخشاں اور دیرپا علمی روایت کا مظہر ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande