
علی گڑھ, 20 جون (ہ س)۔
ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج (زیڈ اے ڈی سی) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پیریوڈونٹولوجی سے وابستہ کالج کے سینئر ترین فیکلٹی ممبر پروفیسر نریندر دیو گپتا کو 20 جون 2026 سے آئندہ احکامات تک کے لئے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کا پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر گپتا ایک ممتاز فیکلٹی ممبر اور معالج ہیں۔ وہ 2002 سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پیریوڈونٹولوجی کے پروفیسر ہیں اور ڈینٹسٹری کے میدان میں تدریس و تحقیق اور علاج کا 30 برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1987 میں لکھنؤ یونیورسٹی سے بی ڈی ایس اور 1993 میں پیریوڈونٹکس میں ایم ڈی ایس مکمل کیا۔ اے ایم یو سے وابستہ ہونے سے قبل وہ پنڈت بی ڈی شرما پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، روہتک میں پیریوڈونٹکس کے لکچرر اور ریڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پروفیسر گپتا متعدد باوقار پیشہ ورانہ تنظیموں کے رکن ہیں، جن میں انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن، انڈین سوسائٹی آف پیریوڈونٹولوجی، انڈین سوسائٹی آف ڈینٹل ریسرچ اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار ڈینٹل ریسرچ شامل ہیں۔
وہ ایک ممتاز محقق ہیں اور قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ تحقیقی جرائد میں متعدد مقالات شائع کرچکے ہیں۔ پیریوڈونٹولوجی، امپلانٹ ڈینٹسٹری، منھ کی صحت سے متعلق تحقیق اور ڈینٹل ایجوکیشن میں ان کی علمی خدمات نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ