مدھیہ پردیش میں25 جون تک مانسون کی آمد متوقع
بھوپال، 20 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں جنوب مغربی مانسون کی رفتار سست پڑنے سے اس کی آمد میں 8 سے 10 دنوں کی تاخیر ہونے کے امکانات ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق مانسون 25 جون کے آس پاس ریاست میں داخل ہو سکتا ہے۔ عام طور پر مد
مدھیہ پردیش میں مانسون کی آمد 25 جون تک ممکن، 44 فیصد کم بارش، 45 اضلاع بارش میں پیچھے


بھوپال، 20 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں جنوب مغربی مانسون کی رفتار سست پڑنے سے اس کی آمد میں 8 سے 10 دنوں کی تاخیر ہونے کے امکانات ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق مانسون 25 جون کے آس پاس ریاست میں داخل ہو سکتا ہے۔

عام طور پر مدھیہ پردیش میں مانسون 15 جون تک پہنچ جاتا ہے، لیکن اس بار 20 جون تک بھی اس کی آمد کے اشارے نہیں ملے ہیں۔ فی الحال پری مانسون سرگرمیوں کے باعث موسم میں تبدیلی برقرار ہے۔

مانسون میں تاخیر کا اثر ریاست میں بارش کی صورتِ حال پر صاف نظر آ رہا ہے۔ جون میں اب تک معمول سے 44 فیصد کم بارش درج کی گئی ہے۔ ریاست کے 55 اضلاع میں سے 45 اضلاع بارش کے معاملے میں پیچھے چل رہے ہیں۔ سب سے زیادہ اثر مشرقی مدھیہ پردیش پر دکھائی دے رہا ہے۔ جبل پور، ریوا، شہڈول اور ساگر ڈویژن کے 24 اضلاع میں معمول سے 65 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ وہیں بھوپال، اندور، اجین، گوالیار، چمبل اور نرمدا پورم ڈویژنوں میں بھی بارش کا اعداد و شمار 27 فیصد کم درج کیا گیا ہے۔

بھوپال ریاست کا سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ضلع رہا ہے، جہاں معمول سے 62 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہاں اب تک تقریباً 4 انچ بارش ہو چکی ہے، جب کہ عام اوسط ڈھائی انچ ہے۔ دوسری طرف علی راج پور ایسا ضلع ہے جہاں اب تک بارش درج نہیں ہوئی ہے۔

مانسون میں تاخیر سے کسانوں کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ ریاست میں سویا بین، مونگ، اڑد اور ارہر (توئر) جیسی خریف کی فصلوں کی بوائی متاثر ہو رہی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق بوائی کے لیے کم از کم 4 انچ بارش ضروری ہے، تاکہ مٹی میں کافی نمی پیدا ہو سکے۔ کئی اضلاع میں وقت پر مانسون آنے کی امید میں کسانوں نے پہلے ہی سویا بین کی بوائی کر دی تھی۔ اب مناسب نمی نہیں ملنے سے بیج خراب ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور کئی کسانوں کو دوبارہ بوائی کرنی پڑ سکتی ہے۔ تاہم جن کسانوں کے پاس آبپاشی کی سہولت دستیاب ہے، انہیں کچھ راحت مل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون فی الحال تلنگانہ کے آس پاس ٹھہرا ہوا ہے۔ بحیرہ عرب سے آنے والی سازگار ہوائیں کمزور پڑنے کی وجہ سے اس کی رفتار دھیمی ہوئی ہے۔ اگر اگلے دو تین دنوں میں حالات سازگار رہتے ہیں تو مانسون 25 جون کے آس پاس مدھیہ پردیش میں داخل ہو سکتا ہے۔

جمعہ کو راج گڑھ، دموہ، ریوا، ستنا اور مہر سمیت کئی اضلاع میں پری مانسون بارش ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی۔ سیونی میں دن کا درجہ حرارت 34.2 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سب سے کم رہا، جب کہ کھجوراہو 42.4 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سب سے گرم رہا۔ ریاست کے اہم شہروں میں اندور کا درجہ حرارت 35.1 ڈگری، بھوپال 37.3 ڈگری، اجین 36 ڈگری، جبل پور 38.8 ڈگری اور گوالیار 40 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande