
40 یا اس سے زائد عقیدت مندوں کے لیے گاؤں سے براہِ راست پنڈھرپور سروسممبئی ، 20 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر میں 'آشاڑھی ایکادشی یاترا' کے موقع پر پنڈھرپور جانے والے لاکھوں یاتریوں کی سہولت کے لیے مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) نے اس سال بھی خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ریاست بھر سے شری کھیتر پنڈھرپور کا رخ کرنے والے عقیدت مندوں کے محفوظ، آسان اور آرام دہ سفر کے لیے ایس ٹی کارپوریشن نے 5 ہزار 500 خصوصی بسیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ اطلاع ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائک نے دی۔سرنائک کے مطابق اگر ریاست کے کسی بھی گاؤں سے 40 یا اس سے زیادہ عقیدت مند اجتماعی طور پر درخواست دیں تو اس گاؤں سے پنڈھرپور کے لیے براہِ راست خصوصی ایس ٹی بس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ خصوصی بس کی بکنگ کے لیے اپنے قریبی ایس ٹی ڈپو سے رابطہ کریں۔آشاڑھی یاترا کے دوران لاکھوں یاتری پالکیوں کے ساتھ پیدل، ریل، نجی گاڑیوں اور ایس ٹی بسوں کے ذریعے پنڈھرپور پہنچتے ہیں۔ عقیدت مندوں کی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایس ٹی انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی کی ہے تاکہ یاترا کے دوران سفر میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ خصوصی بس خدمات میں بھی حکومت کی تمام سفری رعایتیں برقرار رہیں گی۔ ’’امرت جیٹھشٹھ ناگرک یوجنا‘‘ کے تحت 75 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ ’’مہیلا سمان یوجنا‘‘ کے تحت خواتین کو ٹکٹ کرایے میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔گزشتہ سال آشاڑھی یاترا کے دوران ایس ٹی نے 5 ہزار 200 خصوصی بسیں چلائی تھیں، جن کے ذریعے 21 لاکھ 95 ہزار سے زائد عقیدت مندوں کو محفوظ آمد و رفت کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ اس سال اس سے بھی زیادہ مؤثر اور وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ یاترا کے دوران شب و روز خدمات انجام دینے والے ڈرائیوروں، کنڈکٹروں، مکینیکل عملے، سپروائزرز اور افسران کے لیے وزیر پرتاپ سرنائک نے اپنے ذاتی خرچ سے چائے، ناشتہ اور کھانے کا انتظام کیا ہے۔ تقریباً 13 ہزار ملازمین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ایکادشی کے دن لاکھوں عقیدت مند واپسی کے سفر پر روانہ ہوتے ہیں، جس کے پیش نظر ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے ایس ٹی کے 36 سے زائد ٹریفک کنٹرولرز اور سکیورٹی اہلکار مقامی پولیس انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر خدمات انجام دیں گے۔ اس اقدام سے ٹریفک نظم و نسق مزید مؤثر ہوگا اور عقیدت مندوں کا سفر آسان بن سکے گا۔عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پنڈھرپور میں چندر بھاگا، بھیما (دیگاؤں)، وٹھل کارخانہ اور پانڈورنگ (آئی ٹی آئی کالج) کے مقامات پر چار عارضی بس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ ان مراکز پر پینے کے پانی، بیت الخلا، کمپیوٹرائزڈ ریزرویشن مراکز، استفسار کاؤنٹر، رہنمائی بورڈز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے ریاست بھر کے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس ٹی کی محفوظ، قابلِ اعتماد اور عوام دوست خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے وٹھورایا کے درشن کا فیض حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’وارکریوں کی خدمت ہی وٹھل کی خدمت ہے‘‘ اور اسی جذبے کے تحت ایس ٹی کا پورا عملہ یاترا کے دوران چوبیس گھنٹے خدمات انجام دینے کے لیے تیار رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے