
بیڑ، 20 جون (ہ س)۔ قومی امتحانی ایجنسی (این ٹی اے) نے نیٹ-یو جی 2026 کی دوبارہ منعقد ہونے والی امتحانی کارروائی کے پیش نظر طلبہ کی رہنمائی اور افواہوں کی روک تھام کے لیے اپنا سرکاری واٹس ایپ نمبر 7827980287+91 جاری کیا ہے۔ امتحان سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی گمراہ کن اطلاعات، مبینہ پیپر لیک کی جھوٹی افواہوں اور دھوکہ دہی کے مختلف واقعات پر قابو پانے کے مقصد سے این ٹی اے نے یہ اقدام کیا ہے اور ایک سرکاری واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے۔
این ٹی اے کے مطابق یہ سرکاری واٹس ایپ چینل صرف یک طرفہ براڈکاسٹ سروس (کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے ذریعے طلبہ کو امتحان کے شیڈول، نئے ایڈمٹ کارڈ، اہم ہدایات اور دیگر سرکاری اطلاعات براہِ راست موصول ہوں گی، تاہم طلبہ اس نمبر پر جواب یا کوئی پیغام ارسال نہیں کر سکیں گے۔
ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ مستند واٹس ایپ اکاؤنٹ پر 'بلیو ویرفائیڈ ٹک' اور 'تیشنل ٹیسٹینگ ایجنسی' کا نام درج ہونا لازمی ہے۔ این ٹی اے نے طلبہ اور والدین کو خبردار کیا ہے کہ ایجنسی کبھی بھی واٹس ایپ کے ذریعے او ٹی پی، ذاتی معلومات، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات یا کسی قسم کی خفیہ معلومات طلب نہیں کرتی۔
این ٹی اے نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر سرکاری معلومات پر یقین نہ کریں اور صرف این ٹی اے کے سرکاری واٹس ایپ نمبر اور دیگر مستند ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے امتحان کے بارے میں درست معلومات بروقت طلبہ تک پہنچ سکیں گی اور جعلی پیغامات، افواہوں اور سائبر فراڈ کے واقعات پر مؤثر طور پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے