اتر پردیش کے باغپت میں  ایک مسجد پر چلا بلڈوزر ، انتظامیہ نے مسجد کو تالاب کی زمین پر بنے ہونے کا دعویٰ کیا تھا
باغپت، 20 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع باغپت کے راجپور خانپور گاؤں میں ہفتہ کے روز مبینہ طور پر تالاب کی سرکاری زمین پر قائم تقریباً 50 سال پرانی ایک مسجد کو انتظامیہ نے بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا۔ یہ کارروائی ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے تحت
اتر پردیش کے باغپت میں  ایک مسجد پر چلا بلڈوزر ، انتظامیہ نے مسجد کو تالاب کی زمین پر بنے ہونے کا دعویٰ کیا تھا


باغپت، 20 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع باغپت کے راجپور خانپور گاؤں میں ہفتہ کے روز مبینہ طور پر تالاب کی سرکاری زمین پر قائم تقریباً 50 سال پرانی ایک مسجد کو انتظامیہ نے بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا۔ یہ کارروائی ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے تحت کی گئی۔ موقع پر ایس ڈی ایم باغپت ، محصولات کے محکمہ کی ٹیم اور بھاری پولیس فورس تعینات رہی۔

اطلاعات کے مطابق گاؤں کے رہائشی گل شیر نے کئی برس قبل تالاب کی زمین پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ مقامی سطح پر سماعت نہ ہونے پر معاملہ ہائی کورٹ تک پہنچا۔ سماعت کے بعد عدالت نے باغپت تحصیل انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ ریونیو ریکارڈ کی بنیاد پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ تاہم عدالتی حکم کے باوجود کافی عرصے تک اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔

ہفتہ کے روز انتظامی ٹیم پولیس فورس کے ہمراہ راجپور خانپور گاؤں پہنچی اور افسران کی موجودگی میں بلڈوزر کی مدد سے مسجد کو منہدم کر دیا گیا۔

ایس ڈی ایم باغپت، جیوتی شرما نے کہا کہ یہ کارروائی عدالتی حکم اور ریونیو ریکارڈ کی بنیاد پر انجام دی گئی ہے۔ سرکاری زمین کو تجاوزات سے پاک کرانے کے لیے مہم مسلسل جاری ہے اور آئندہ بھی ایسے معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی رہے گی۔

ضلع مجسٹریٹ باغپت، اسمیتا لال نے کہا کہ سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع کی تینوں تحصیلوں کے ایس ڈی ایم صاحبان کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری زمین پر قبضے کی کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande