تلنگانہ سی آئی ڈی کی کارروائی ،آن لائن سٹے بازی نیٹ ورک بے نقاب کیا، 11 گرفتار
حیدرآباد ، 2 جون (ہ س) ۔ تلنگانہ کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ(سی آئی ڈی) نے آج ’ڈافابیٹ‘ نامی آن لائن سٹے بازی پلیٹ فارم سے جڑے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 11 افرادکوگرفتارکرلیا۔ گرفتار شدگان میں گجرات کے دو اہم منتظمین اور ایک افغان شہری ب
تلنگانہ سی آئی ڈی کی کارروائی ،آن لائن سٹے بازی نیٹ ورک بے نقاب کیا، 11 گرفتار


حیدرآباد ، 2 جون (ہ س) ۔ تلنگانہ کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ(سی آئی ڈی) نے آج ’ڈافابیٹ‘ نامی آن لائن سٹے بازی پلیٹ فارم سے جڑے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 11 افرادکوگرفتارکرلیا۔ گرفتار شدگان میں گجرات کے دو اہم منتظمین اور ایک افغان شہری بھی شامل ہے۔ سی آئی ڈی کے اعلیٰ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک مختلف ریاستوں میں پھیلے جعلی بینک کھاتوں،فرضی کمپنیوں اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے والی ٹیموں کے پیچیدہ جال کے ذریعے کام کر رہا تھا۔ تلنگانہ سی آئی ڈی کی ڈائریکٹرجنرل چاروسنہانے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت نے آن لائن سٹے بازی ایپس اوران سے وابستہ دھوکہ دہی کے معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی، جس نے اس بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگایا۔ انہوں نے بتایا کہ کریم نگرکے ایک شہری کی شکایت کے بعد تحقیقات میں تیزی آئی،جس نے ڈافابیٹ پلیٹ فارم پرسٹے بازی کے دوران تقریباً 10 لاکھ روپے گنوا دیے تھے۔ چارو سنہا کے مطابق ڈافابیٹ کاآغاز2004 میں فلپائن میں ہواتھا، بعد ازاں اس کا آپریشن برطانیہ سے چلایا جانے لگا۔ اس معاملے میں گرفتاردومرکزی منتظمین دہلی اوردبئی دونوں مقامات سے اپنے دفاترچلا رہے تھے۔ ملزمان ہرمالی لین دین پرتقریباً ڈیڑھ فیصد کمیشن حاصل کرتے تھے،جس سے انہیں روزانہ آٹھ سے دس لاکھ روپے تک منافع ہوتا تھا۔ تحقیقات کے دوران سی آئی ڈی نے 46 جعلی بینک کھاتوں سے جڑے مالی لین دین کی آٹھ مختلف سطحوں کا سراغ لگایا۔ ملزمان کی شناخت کے لیے موبائل فونز،ای میل اکاؤنٹس اوربینکنگ ریکارڈ کا فارنسک تجزیہ کیا گیا۔ چارو سنہا نے بتایا کہ اس پورے آپریشن میں تقریباً چھ ماہ کا عرصہ لگا۔ اس دوران سی آئی ڈی کی چھ خصوصی ٹیموں، جن میں تقریباً40 اہلکار شامل تھے، نے گجرات، پنجاب اور دہلی میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ ۔۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande