
ابتدائی کاروبار میں شیئر بازار میں نچلی سطح سے ریکوری، سینسیکس اور نفٹی کی صورتحال میں بہتری کا رجحان
نئی دہلی، 2 جون (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار آج ابتدائی کاروبار کے دوران نچلی سطح سے ریکور کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ کاروبار کی شروعات کمزوری کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے کچھ دیر بعد ہی خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی چال میں سدھار ہونے لگا۔ حالانکہ بیچ بیچ میں فروخت کا جھٹکا بھی لگتا رہا، اس کے باوجود یہ دونوں انڈیکس سرخ نشان میں ہونے کے باوجود مسلسل آہستہ آہستہ ریکوری کرتے رہے۔ صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 0.23 فیصد اور نفٹی 0.28 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آئے۔
صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے ٹیک مہندرا، انفوسس، کول انڈیا، ٹی سی ایس اور جے ایس ڈبلیو اسٹیل کے شیئر 3.99 فیصد سے لے کر 1.67 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، ہندوستان یونی لیور، ٹاٹا کنزیومر پروڈکٹس، شری رام فنانس، میکس ہیلتھ کیئر اور آئی ٹی سی کے شیئر 3.21 فیصد سے لے کر 2.53 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,734 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 1,258 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 1,476 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے چھ شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب 24 شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 11 شیئر سبز نشان میں اور 39 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آ رہے تھے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 322.14 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 73,945.20 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ فروخت کا دباو بننے کی وجہ سے تھوڑی ہی دیر میں یہ انڈیکس گر کر 73,815.12 پوائنٹس کی سطح تک آ گیا۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے اس انڈیکس کی صورتحال میں بہتری ہونے لگی۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 172.25 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 74,095.09 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے 153.45 پوائنٹس ٹوٹ کر 23,229.15 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلتے ہی اس انڈیکس کو خریداروں کا سہارا مل گیا، جس سے اس کی حرکت میں بہتری ہونے لگی۔ حالانکہ بیچ بیچ میں فروخت کے معمولی جھٹکے بھی لگتے رہے، اس کے باوجود خریداری کا زور مسلسل برقرار رہا، جس سے یہ انڈیکس نچلی سطح سے مسلسل ریکوری کرتا رہا۔ بازار میں مسلسل جاری خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان رسہ کشی کے درمیان صبح 10 بجے تک کا کاروبار ہونے کے بعد نفٹی 66.55 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 23,316.05 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن