
ممبئی ، 2 جون (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی چیف ترجمان نوَناتھ بان نے منگل کو سنجے راؤت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سنجے راؤت نے مہاراشٹر جیسے مہذب اور شائستہ معاشرے میں نفرت اور تقسیم کا زہر گھولنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تمام طبقات کو ساتھ لے کر ترقی کا امرت عوام تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ عوام نے سنجے راؤت کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے ترقی کے راستے کو قبول کیا ہے۔ نوَناتھ بان کا کہنا تھا کہ بھارت کا امرت کال بی جے پی کے دور میں شروع ہوا، جبکہ سنجے راؤت کے سیاسی طرزِ عمل نے زہر آلود ماحول پیدا کیا ہے جو بالآخر ان کی اپنی جماعت کو نقصان پہنچائے گا۔
ممبئی میں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوَناتھ بان نے عبدالستار کے حالیہ بیانات کے حوالے سے کہا کہ مہایوتی اس معاملے پر مناسب جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور ایکناتھ شندے عبدالستار کی ناراضی دور کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن سنجے راؤت کو عبدالستار کے نام پر سیاسی زہر پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون ساز کونسل انتخابات کے تناظر میں سنجے راؤت اور آدتیہ ٹھاکرے کے درمیان اختلافات ایک بار پھر منظر عام پر آ گئے ہیں۔ نوَناتھ بان کے مطابق سنجے راؤت نے خود اعتراف کیا کہ انہیں انتخابات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کی فیصلہ سازی کے عمل سے انہیں دور رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اسی ناراضی کے باعث سنجے راؤت شرڈی پہنچے اور سائی بابا کے دربار میں جا کر شانتی حاصل کرنے کی کوشش کی۔
نوَناتھ با ن نے مہاوکاس اگھاڑی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو صنعت کار نواز قرار دینے والے یہ بتائیں کہ صنعت کاروں کی تقریبات میں اسٹیج پر رقص کرنے والے کون تھے اور بڑے صنعت کاروں کے استقبال میں سرخ قالین بچھانے والے کون تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسانوں کو پچاس ہزار روپے امداد دینے کے وعدے کیے گئے، لیکن عملی طور پر کسانوں کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے دور میں کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی، جبکہ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں کسانوں کو قرض معافی دی گئی اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات کیے گئے۔ نوَناتھ بن نے دعویٰ کیا کہ سنجے راؤت کی جماعت کے کئی ارکانِ پارلیمان ایکناتھ شندے کے رابطے میں ہیں اور اس حقیقت پر انہیں خود غور کرنا چاہیے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نوَناتھ بان نے کہا کہ سنجے راؤت چاہے کتنے ہی خواب دیکھ لیں، راہل گاندھی کا وزیر اعظم بننا محض ایک خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عوام کانگریس اور اس کی سیاست کو بخوبی جانتے ہیں اور مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کو دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ان کے مطابق عوام نے ڈھائی سالہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت کی کارکردگی کو قریب سے دیکھا ہے اور اسی بنیاد پر اپنا فیصلہ بھی سنا چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے