
نئی دہلی 2 جون (ہ س)۔ قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی میں سہولیات کی کمی کے باعث ایک سال کے اندر 53 ماوں کی موت کے معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ریاست کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کیا ہے اور دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
کمیشن نے بتایا کہ شائع شدہ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز، پرائمری ہیلتھ سینٹرز اور ضلع اسپتال میں ڈاکٹروں اور تکنیکی ماہرین سمیت بنیادی ڈھانچے کی کمی کی وجہ سے اپریل 2025 سے مارچ 2026 کے درمیان ایک سال میں زچگی سے قبل اور زچگی کے بعد کے عرصے میں 53 حاملہ خواتین کی موت ہوئی۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی اوسط عمر 26 سال بتائی گئی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر پہلی یا دوسری بار ماں بننے والی خواتین تھیں۔ ان اموات کی بڑی وجہ بیداری اور طبی سہولیات کی کمی بتائی گئی۔ خبروں کے مطابق ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے منعقدہ کمیونٹی میٹرنل ہیلتھ لیگ کی رینکنگ میں ضلع سیدھی مسلسل سب سے نچلے تین اضلاع میں شامل رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن