سلمان خان نے ’کالا ہرن‘ فلم کے خلاف قانونی نوٹس بھیجا, تشہیری سرگرمیاں فوری روکنے کا مطالبہ
ممبئی ، 2 جون (ہ س)۔ بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے فلم ’کالا ہرن‘ کے سلسلے میں کاسٹنگ ڈائریکٹر اکشے پانڈے کو قانونی نوٹس روانہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ فلم سلمان خان سے وابستہ مشہور کالے ہرن شکار مقدمے کے پس منظر پر مبنی ہے۔ سلمان خان کی قانون
Law Maha Salman Khan Black Buck Film


ممبئی ، 2 جون (ہ س)۔ بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے فلم ’کالا ہرن‘ کے سلسلے میں کاسٹنگ ڈائریکٹر اکشے پانڈے کو قانونی نوٹس روانہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ فلم سلمان خان سے وابستہ مشہور کالے ہرن شکار مقدمے کے پس منظر پر مبنی ہے۔ سلمان خان کی قانونی ٹیم کا مؤقف ہے کہ یہ فلم ان کی عوامی شبیہ کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور راجستھان ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت مقدمے پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔ نوٹس جاری ہونے کے بعد یہ معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

سلمان خان کے وکلاء نے فلم سے متعلق تمام سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اکشے پانڈے سے غیر مشروط عوامی معافی مانگنے کا بھی کہا گیا ہے۔ قانونی نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فلم کی تشہیر اور تشہیری مواد میں سلمان خان کے نام اور ان کی شخصیت کا استعمال ان کی اجازت کے بغیر کیا گیا ہے۔

قانونی ٹیم کے مطابق یہ اقدام اداکار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور ان کی مقبولیت سے غیر منصفانہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان کی شہرت اور عوامی شناخت کو استعمال کرتے ہوئے فلم کو غیر ضروری تشہیر دلانے کی کوشش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر 24 گھنٹوں کے اندر مذکورہ مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم اب تک اکشے پانڈے یا فلم کے پروڈیوسرز کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس صورتحال کے بعد فلم اور اس سے متعلق تنازع کے اگلے مرحلے پر فلمی حلقوں اور شائقین کی نظریں مرکوز ہو گئی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande