
نئی دہلی، 2 جون (ہ س)۔ شمال- مغربی دہلی کے مکند پور علاقے میں منگل کی صبح ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے ایک مکان منہدم ہو گیا۔ واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ محکمہ فائر بریگیڈ ، دہلی پولیس اور دیگر ریسکیو ایجنسیوں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور بچاؤ اور راحت کا کام شروع کیا۔
محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق، جہانگیر پوری تھانہ علاقے میں واقع گلی نمبر 1، ایشو وہار، مکند پور-2 میں صبح تقریباً 9:37 بجے مکان گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے امکان ظاہر کیا جا رہاہے کہ مکان گرنے کی وجہ ایل پی جی سلنڈر کا دھماکہ تھا، حالانکہ حکام نے سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
فائر حکام کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر اطلاع ملی کہ تقریباً 250 مربع گز کے رقبے پر بنا ایک منزلہ مکان اچانک گر گیا۔ اس کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے راحت اور بچاو کی مہم شروع کی گئی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق حادثے کے وقت گھر کے اندر کئی افراد موجود تھے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے تین افراد کو بحفاظت ملبے سے نکالا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ صبح 10:30 بجے فائر ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق چار سے پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فائر بریگیڈ کے عملہ کے پہنچنے سے قبل مقامی رہائشیوں اور پی سی آر کی مدد سے اسپتال پہنچایا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملبے تلے ایک شخص کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جے سی بی اور دیگر آلات کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام کر رہی ہیں۔ پولیس نے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر عوامی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد