
جموں, 02 جون (ہ س)۔ نشہ مُکت جموں و کشمیر مہم کے تحت جموں پولیس نے گزشتہ 50 دنوں کے دوران منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دیتے ہوئے 176 مقدمات درج کیے اور کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ضبط کی ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جموں جوگیندر سنگھ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع پولیس جموں نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھتے ہوئے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 176 مقدمات درج کیے ہیں۔ اس دوران 202 ملزمان کو گرفتار یا حراست میں لیا گیا جبکہ ایک بدنام منشیات فروش کو پی آئی ٹی-این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظر بند کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے 5 کلو 533 گرام ہیروئن (چٹا) برآمد کی جس کی مالیت تقریباً 16 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ 3 کلو 250 گرام پوست، 29 کلو 267 گرام گانجہ اور ایک کلو افیون بھی ضبط کی گئی۔
ایس ایس پی کے مطابق منشیات کے کاروبار کی مالی بنیادوں کو کمزور کرنے کے لیے 37 گاڑیاں ضبط کی گئیں، 123.290 گرام سونا منجمد کیا گیا اور 26 بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے گئے۔
مزید آٹھ مقدمات میں 5.19 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی گئیں جبکہ ضلع انتظامیہ کے تعاون سے منشیات فروشوں سے وابستہ 22 جائیدادوں کو مسمار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں جن کے تحت 27 ڈرائیونگ لائسنس اور 143 گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ منسوخ کیے گئے۔جوگیندر سنگھ نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف پولیس کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشی کے خلاف پولیس کا ساتھ دیں اور متعلقہ معلومات فراہم کریں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جموں پولیس منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر