
نئی دہلی، 2 جون (ہ س)۔
ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کے تحت مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں تیسری پہاڑی سرنگ کے لیے کھدائی کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ مہاراشٹر کے پالگھر ضلع کے دہانو تعلقہ کے امبیساری گاو¿ں میں واقع، اس 417 میٹر لمبی سرنگ کی تکمیل گزشتہ پانچ مہینوں میں مہاراشٹر میں تین پہاڑی سرنگوں کی تکمیل کی نشاندہی کرتی ہے۔
نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ ایس آر سی ایل) کے مطابق، سرنگ 14.4 میٹر چوڑی ہے اور اسے بلٹ ٹرین کوریڈور کے اوپر اور نیچے دونوں پٹریوں کو لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ دونوں سروں سے کنٹرول ڈرلنگ اور بلاسٹنگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے سرنگ کی کھدائی کی گئی۔
این ایچ ایس آر سی ایل نے کہا کہ تعمیر کے دوران ساختی استحکام اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین نگرانی کے نظام اور جیو ٹیکنیکل آلات کا استعمال کیا گیا۔ کھدائی کے دوران کمپن، سرنگ کے رویے، اور ارد گرد کے ڈھانچے پر اثرات کی نگرانی کے لیے مختلف ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم، بشمول سطح کے سیٹلمنٹ پوائنٹس، تھری ڈائمینشنل (3ڈی) اہداف، اسٹرین گیجز، اور سیسموگرافس نصب کیے گئے تھے۔
ٹنل کے اندر کام کرنے والے کارکنوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس میں مناسب وینٹیلیشن سسٹم، فائر سیفٹی کے اقدامات، کنٹرولڈ انٹری سسٹم، اور مسلسل جیو ٹیکنیکل نگرانی شامل تھی۔
این ایچ ایس آر سی ایل کے مطابق، ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ آٹھ پہاڑی سرنگوں پر مشتمل ہے۔ ان میں سے سات ضلع پالگھر، مہاراشٹر میں اور ایک ضلع ولساڈ، گجرات میں واقع ہے۔ منصوبے کے تحت 350 میٹر لمبی ایم ٹی-08 سرنگ کا بریک تھرو 5 اکتوبر 2023 کو مکمل ہوا تھا۔ 1.5 کلومیٹر لمبی ایم ٹی-05 سرنگ 2 جنوری کو اور 454 میٹر لمبی ایم ٹی-06 سرنگ 3 فروری کو مکمل ہوئی تھی۔ اب 417میٹر لمبی ایم ٹی 07سرنگ کے آر پار کی مکمل کھدائی کا کام بھی پورا ہو گیا ہے ۔
این ایچ ایس آر سی ایل نے اطلاع دی ہے کہ ایم ٹی-04 ٹنل پر تقریباً 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ایم ٹی-03 سرنگ پر 80 فیصد سے زیادہ کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ باقی ایم ٹی-01 اور ایم ٹی-02 سرنگوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ