اے ایم یو میں عالمی یومِ انسدادِ تمباکو پر مختلف بیداری پروگراموں کا اہتمام
علی گڑھ, 02 جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم شعبہ معاشیات، شعبہ فارماکولوجی اور عبداللہ اسکول نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو 2026 کے موقع پر بیداری پروگراموں کی ایک سلسلہ وار مہم کا انعقاد کیا۔ این ایس ایس اکائی نے تمباکو کے ا
انسداد تمباکو


علی گڑھ, 02 جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم شعبہ معاشیات، شعبہ فارماکولوجی اور عبداللہ اسکول نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو 2026 کے موقع پر بیداری پروگراموں کی ایک سلسلہ وار مہم کا انعقاد کیا۔

این ایس ایس اکائی نے تمباکو کے استعمال کے نقصانات پر خصوصی خطبے کا اہتمام کیا۔ پروگرام افسر اور شعبہ جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر منصور عالم صدیقی نے تمباکو نوشی اور بالواسطہ تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالی ۔ این ایس ایس کے قائم مقام کوآرڈنیٹر ڈاکٹر عبدالجبار اور ڈاکٹر فوزیہ فریدی نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ناہید اکبری نے کی۔

شعبہ اقتصادیات میں منعقدہ پروگرام میں صدر شعبہ پروفیسر شہروز عالم رضوی نے حاضرین کو تمباکو نہ استعمال کرنے کا حلف دلایا۔ انھوں نے فرد اور کنبہ کی صحت پر تمباکو کے مضر اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوان نسل میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر تمباکو کے استعمال کے نقصانات سے متعلق معلوماتی پوسٹر بھی آویزاں کیے گئے۔

دوسری طرف جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ فارماکولوجی نے ایک لیکچر اور بیداری پروگرام کا اہتمام کیا۔ ڈاکٹر برہمنکر ناچیکیت ارون نے صحت عامہ پر تمباکو کے استعمال کے مضر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کارڈیوویسکولر امراض، تنفسی امراض، فالج اور مختلف قسم کے سرطان سے اس کے تعلق پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بالواسطہ تمباکو نوشی، نکوٹین کی لت، بروقت مداخلت کی اہمیت اور تمباکو نوشی ترک کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

اپنے اختتامی کلمات میں شعبہ فارماکولوجی کے سربراہ پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن نے تمباکو سے جڑی بیماریوں میں کمی اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے احتیاطی صحت نگہداشت، عوامی بیداری اور سماجی شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔

اسی سلسلے میں عبداللہ اسکول نے سپرنٹنڈنٹ محترمہ عمرہ ظہیر کی نگرانی میں عملے کے اراکین کے لیے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔ اس موقع پر عملے کے ارکان کو تمباکو کے استعمال سے لاحق ہونے والے خطرات سے آگاہ کیا گیا اور ان سے تمباکو نہ استعمال کرنے کا عہد لیا گیا۔ حاضرین کو قومی تمباکو ترک امدادی ہیلپ لائن کا نمبر بھی فراہم کیا گیا تاکہ وہ اس سے فائدہ اٹھاسکیں۔ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande