
حیدرآباد، 19 جون (ہ س)۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے اسکولی گاڑیوں(بشمول بسیں ،ویانز اور آٹورکشہ) میں اضافی بچوں کی سواری ، نشے میں ڈرائیونگ اور دیگرخلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائیاں کیں ۔ان ٹیموں نے اسکول انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور والدین کو بھی نصیحت کی ۔ جن افراد نے اپنے دو پہیہ یا دوسری سہولتوں پراضافی بچوں کوسوارکیا تھا انہیں بچوں کی حفاظت کے اصول بتائے گئے۔
مہم کے دوران /16 جون سے اب تک مجموعی طور پر 1,852اسکول گاڑیوں (بشمول بسیں ، ویانز اور آٹو) کی جانچ کی گئی ۔ آٹو رکشہ میں نشستوں کی حد سے زائد بچوں کی سواری پر 149 مقدمات درج کیے گئے۔ علاوہ ازیں بچوں کو نشے کی حالت میں منتقل کرنے والے آٹو ڈرائیوروں کیخلاف 2 مقدمات بھی درج ہوئے۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے والدین سے گزارش کی ہے کہ وہ کبھی بھی اپنے بچوں کو ایسی گاڑی میں نہ بھیجیں جس میں نشستوں کی گنجائش سے زائد افراد سوار ہوں، کیونکہ اس سے بچوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ اسکول انتظامیہ اور والدین سے کہاگیاہے کہ وہ ایسی گاڑیاں استعمال کرنے سے قبل متعلقہ دستاویزات(ڈرائیونگ لائسنس، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، انشورنس سرٹیفکیٹ اورفٹنس سرٹیفکیٹ) کی صداقت ضرور چیک کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق