
علی گڑھ, 19 جون (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ کے چیئرمین پروفیسر عامر ریاض نے ‘‘دفتری ماحول میں روحانیت: ایک صوفیانہ نقطہ نظر’’ کے موضوع پر آن لائن لیکچر دیا۔ یہ پروگرام کشمیر یونیورسٹی کے سنٹر فار سنٹرل ایشین اسٹڈیز کی جانب سے انڈین کونسل آف فلاسوفیکل ریسرچ (آئی سی پی آر) کے تعاون سے منعقد کیا گیا ۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ریاض نے تصوف اور روحانیت کے بنیادی تصورات کی وضاحت کرتے ہوئے تصوف کو انسانی وجود اور فلاح و بہبود کو سمجھنے کا ایک سائیکو فزیکل نقطہ نظر قرار دیا۔ انہوں نے روحانیت کے سیکولر، فلسفیانہ اور مذہبی زاویوں پر بھی روشنی ڈالی اور موجودہ سماجی و انفرادی مسائل سے نمٹنے میں صوفیانہ اصولوں کی افادیت کو اجاگر کیا۔ پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں روحانیت کی تبدیلی آفریں صلاحیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تصوف کی اقدار جدید معاشرے کو درپیش بہت سے بحرانوں اور انسانی مشکلات کے حل میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں پروفیسر عامر ریاض نے شرکاء کے سوالات کے جواب دیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ