
جموں, 19 جون (ہ س)۔
موسمِ گرما اور یاترا سیزن کے دوران مسافروں کی سہولت کے لیے شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے تین اہم ٹرینوں میں عارضی طور پر اضافی تھری اے سی کوچز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے ویٹنگ لسٹ میں شامل مسافروں کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق بڑھتے ہوئے مسافروں کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرین نمبر 04082 میں 30 جون سے 4 اگست 2026 تک، ٹرین نمبر 12426 میں 27 جون سے 3 اگست 2026 تک اور ٹرین نمبر 22402 میں 21 جون سے 23 جون 2026 تک ایک ایک اضافی تھری اے سی کوچ لگائی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ ہر اضافی کوچ میں تقریباً 72 اضافی برتھیں دستیاب ہوں گی، جس سے کنفرم ریزرویشن کے امکانات بڑھیں گے اور خاندانوں سمیت دیگر مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر جموں، اُچت سنگھل نے کہا کہ مسافروں کی سہولت جموں ڈویژن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے دوران سرینگر اور ملک کے دیگر حصوں کی جانب سفر کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، اسی لیے ٹرین نمبر 04082، 12426 اور 22402 میں عارضی طور پر اضافی تھری اے سی کوچز شامل کی گئی ہیں، جس سے ویٹنگ لسٹ کا دباؤ کم ہوگا اور مسافروں کو محفوظ، بروقت اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریزرویشن ک ے وقت کوچ نمبر اور سفر کی تاریخ کی تصدیق کریں اور تازہ ترین معلومات کے لیے ریلوے ہیلپ لائن 139، آئی آر سی ٹی سی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے استفادہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر