
علی گڑھ, 19 جون (ہ س)جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی نے حکومتِ ہند کے انڈین فارماکوپیا کمیشن کے اے ڈی آر مانیٹرنگ سینٹر کے اشتراک سے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن کے سلسلے میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔
‘‘عالمی منشیاتی مسئلہ: برقرار مسائل، نئے چیلنجز اور اختراعی جوابات’’ کے موضوع پر منعقدہ اس پروگرام میں شعبہ فارماکولوجی کی ڈاکٹر ریا شرما نے لیکچر دیا۔ ‘‘نشہ آور اشیاء کے استعمال کے عارضے میں دواؤں کے ذریعے مداخلت’’ موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے منشیات کے استعمال کی سائنسی بنیادوں، برداشت، ترکِ استعمال کی علامات اور انحصار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور خصوصاً نوجوانوں میں نشہ آور اشیاء کے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی کی۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے شعبہ فارماکولوجی کے چیئرمین پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن نے منشیات کی لت کے فارماکولوجیکل، نفسیاتی اور سماجی و معاشی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔پروگرام میں اساتذہ اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر جمیل احمد، ڈاکٹر عمار خالد اور مسٹر غفران علی شامل تھے۔ آخر میں ایک مذاکرہ ہوا جس میں منشیات کی لت کے چیلنجوں پر شرکاء نے اظہار خیال کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ