
بیڑ، 19 جون (ہ س)۔ بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقہ کے موضع برہماگاؤں میں واقع شری ہنومان مندر کے احاطے میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت پھینک کر بے حرمتی کیے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے مناسب کارروائی نہ کیے جانے کے الزام پر بھیم شنکر یادو پاٹل نے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کردی۔بھوک ہڑتال کی اطلاع ملنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما ساریکا شیرساگر نے احتجاجی مقام کا دورہ کیا اور بھیم شنکر یادو پاٹل سے ملاقات کرکے ان کے مطالبات اور شکایات کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس انتظامیہ سے رابطہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں مناسب اور مؤثر کارروائی کی جائے۔اس دوران شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر شیتل کمار بلال بھی موقع پر پہنچے اور معاملے کے حل کے لیے پیش قدمی کی۔ بعد ازاں تمام متعلقہ فریقین کی کامیاب ثالثی کے بعد بھیم شنکر یادو پاٹل کو ساتھ لے کر پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر جایا گیا، جہاں قائم مقام سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چیتنا تڈکے اور اس معاملے کی تفتیش کر رہے افسران کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران مندر کی مبینہ بے حرمتی کے ذمہ دار ملزمان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس حکام کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال اور یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال ختم کر دی گئی۔اس موقع پر متعلقہ افراد نے کہا کہ مذہبی مقامات کی بے حرمتی جیسے واقعات انتہائی سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں اور انہیں پوری سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے کو صرف مقامی سطح تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ ضرورت پڑنے پر وزارتِ داخلہ تک بھی یہ مسئلہ اٹھایا جائے گا تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دریں اثنا، واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے اس معاملے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے