اے ایم یو میں خون عطیہ کیمپ اور بیداری پروگراموں کا اہتمام
علی گڑھ, 19 جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں نے عالمی یومِ خون عطیہ کے موقع پر رضاکارانہ خون عطیہ کے فروغ پر زور دیتے ہوئے خصوصی کیمپوں اور بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا۔ اجمل خاں طبیہ کالج و اسپتال میں آل انڈیا یونانی طبی کان
خون عطیہ کیمپ


علی گڑھ, 19 جون (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں نے عالمی یومِ خون عطیہ کے موقع پر رضاکارانہ خون عطیہ کے فروغ پر زور دیتے ہوئے خصوصی کیمپوں اور بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا۔ اجمل خاں طبیہ کالج و اسپتال میں آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس (اے آئی یو ٹی سی)، طلبہ وِنگ، اتر پردیش شاخ کی جانب سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و ہاسپٹل کے بلڈ بینک کے اشتراک سے خون عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں تدریسی، غیر تدریسی اور تکنیکی عملے کے اراکین سمیت بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی اور رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔ پروگرام کا افتتاح پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کیا۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے خون عطیہ کرنا انسانی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے نوجوان اسکالرز کو سماجی فلاح و بہبود سے متعلق سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔

یہ کیمپ پروفیسر محمد محسن اور ڈاکٹر معاذ احمد کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔ طبیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بدرالدجیٰ خان نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ بلڈ بینک کی ٹیم نے ڈاکٹر سہیل احمد کی قیادت میں شعبہ پیتھالوجی کے جونیئر ریزیڈنٹس کے تعاون سے خون عطیہ کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرایا۔ متعدد اساتذہ نے بھی خون کا عطیہ کیا جن میں پروفیسر ایم انور، پروفیسر روبی انجم، ڈاکٹر دیوان، ڈاکٹر انس، ڈاکٹر شمشاد اور ڈاکٹر شعیب شامل تھے۔ عالمی یومِ خون عطیہ کے سلسلے میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے ایک حلف برداری تقریب کا اہتمام کیا جس میں اساتذہ، پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس، تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے اراکین نے رضاکارانہ خون عطیہ کو فروغ دینے کا عہد کیا۔

‘‘انسانیت کا ایک قطرہ، خون دیں، جان بچائیں’’ کے موضوع پر سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر سید صہیب ہاشمی نے حاضرین کو حلف دلایا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ خون عطیہ کی حمایت کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔ اس موقع پر شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم نے انسانی جانیں بچانے اور صحت خدمات کو مستحکم کرنے میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں ڈاکٹر ثمینہ احمد، ڈاکٹر محمد یاسر زبیر، ڈاکٹر ثنا نواب، سینئر ریزیڈنٹس ڈاکٹر دانش کمال اور ڈاکٹر شائستہ پروین کے علاوہ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس اور عملے کے دیگر ارکان موجود تھے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande