
جموں, 18 جون (ہ س)۔ جموں پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران بخشی نگر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ منشیات فروش اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہیروئن نما ممنوعہ مادہ (چٹا) برآمد کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق پاون آئس کریم کے قریب پی ایس آئی کیشو دیو سنگھ جموال کی نگرانی میں ناکہ بندی کے دوران بخشی نگر سے آنے والی ایک ای رکشا کو روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران رکشا میں سوار افراد کی مشتبہ حرکات کے پیش نظر قانونی طریقہ کار کے مطابق ان کی جامہ تلاشی لی گئی۔
گرفتار افراد کی شناخت روپندر سنگھ عرف ونکل عرف لووی ولد مرحوم سردار پریت پال سنگھ سکنہ شاپنگ سینٹر بخشی نگر، اور سنجیو شرما ولد مرحوم ایشور لال شرما سکنہ سروال جموں کے طور پر کی گئی ہے۔
تلاشی کے دوران روپندر سنگھ کے قبضے سے 7.9 گرام اور سنجیو شرما کے قبضے سے 2.3 گرام ہیروئن نما مادہ (چٹا) برآمد ہوا، جسے ضبط کر کے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بخشی نگر میں ایف آئی آر نمبر 75/2026 درج کرتے ہوئے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 21، 22، 25 اور 29 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کیس کی مزید تحقیقات پی ایس آئی سید عامر مسعود کے سپرد کی گئی ہیں، جو منشیات کی سپلائی کے ذرائع اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔جموں پولیس نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات سے متعلق کسی بھی اطلاع کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اس ناسور کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر