
اورنگ آباد ، 18 جون (ہ س)۔ شیوسینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے سینئر رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ چندرکانت کھیرے نے پارٹی کے چھ ارکانِ پارلیمنٹ کی بغاوت پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کا ساتھ چھوڑنے والوں کو عوام روند ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں پارٹی کو چھوڑ کر جانا نہ صرف غلط ہے بلکہ یہ ان کارکنوں اور ووٹروں کے ساتھ بھی ناانصافی ہے جنہوں نے شیوسینا کو مضبوط بنانے کے لیے برسوں محنت کی۔اورنگ آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے چندرکانت کھیرے نے کہا کہ شیوسینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے جن ارکانِ پارلیمنٹ نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا یہ قدم انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ جو لوگ ادھو ٹھاکرے کا ساتھ چھوڑ کر گئے ہیں، انہیں عوام کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ایسے لوگوں کو عوام روند ڈالے گی۔تاہم انہوں نے پربھنی کے رکن پارلیمنٹ سنجے جادھو (بندو بوس جادھو) کے بارے میں جذباتی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پارٹی چھوڑنے سے انہیں ذاتی طور پر بہت دکھ پہنچا ہے۔ کھیرے نے کہا کہ بندو بوس جادھو ان کے پرانے اور قریبی دوست ہیں اور ان کے اس فیصلے پر انہیں افسوس ہوا ہے۔چندرکانت کھیرے نے کہا کہ جو کچھ ہوا ہے وہ مناسب نہیں ہے۔ ادھو ٹھاکرے اور آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے نے مراٹھواڑہ کے ارکانِ پارلیمنٹ کو ہمیشہ بھرپور تعاون دیا۔ پارٹی نے نہ صرف انہیں ٹکٹ دیا بلکہ انہیں منتخب کرانے کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی کوئی سیاسی شناخت نہیں تھی، انہیں شیوسینا نے رکن پارلیمنٹ بنایا اور عوام کے درمیان مقام دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب پارٹی مشکل حالات سے گزر رہی ہو، ایسے وقت میں ادھو ٹھاکرے کا ساتھ چھوڑ دینا کسی بھی صورت درست نہیں کہا جا سکتا۔ کھیرے کے مطابق وفاداری کا امتحان مشکل وقت میں ہی ہوتا ہے اور ایسے نازک مرحلے پر پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کارکنوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔سینئر شیوسینا رہنما نے کہا کہ مراٹھواڑہ کے پربھنی، ناندیڑ اور عثمان آباد اضلاع میں شیوسینا مضبوط اور جارحانہ انداز میں سیاسی سرگرمیاں انجام دے رہی تھی۔ ایسے وقت میں ان علاقوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کا پارٹی چھوڑ دینا انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے یقیناً کارکنوں میں مایوسی پیدا ہوئی ہے، تاہم شیوسینا کے وفادار کارکن ادھو ٹھاکرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور مستقبل میں بھی پارٹی کی نظریاتی جدوجہد جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے