
نئی دہلی،18جون (ہ س )۔
عہدِ حاضر میں ادبِ اطفال سے وابستہ ممتاز شخصیت اور بچوں کے مشہور ماہنامہ ” گل بوٹے“ کے بانی و مدیر فاروق سید کے سانحہ¿ ارتحال پر شعبہ¿ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے زیرِ اہتمام ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست میں شعبے کے اساتذہ نے مرحوم کی ادبی خدمات بالخصوص ادبِ اطفال میں ان کے گراں قدر کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صدرِ شعبہ پروفیسر کوثر مظہری نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاروق سید نے ادبِ اطفال کو ایک تحریک کی شکل دی۔ ان کا ماہنامہ ”گل بوٹے“ کئی دہائیوں سے بچوں کو صحت مند ادب فراہم کرتا رہا ہے۔ ان کی رحلت سے ادبِ اطفال اور ان کے مشن کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ پروفیسر شہزاد انجم نے مرحوم کی صحافتی اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ خاموشی اور دل سوزی کے ساتھ بچوں کے ادب کی اشاعت میں سرگرداں رہتے تھے۔ آج کے دور میں جب بچوں کا ادب کمرشیل ازم کا شکار ہورہا ہے، فاروق سید جیسے لوگ ایک میثاق کی مانند ہیں۔ پروفیسر احمد محفوظ نے فاروق سید کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ادبِ اطفال کو تفریح کا سامان نہیں بلکہ تعلیم و تربیت کا اہم وسیلہ بنایا۔ ڈاکٹر خالد مبشر نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ ادبِ اطفال کی نشرواشاعت محض ان کا پیشہ نہیں بلکہ جنون تھا۔ ان کے ”گل بوٹے“ جیسے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہی ان کے لیے بہترین خراجِ عقیدت ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر شاہنواز فیاض اور ڈاکٹر نوشاد منظر نے بھی مرحوم کے حوالے سے تعزیت کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ اجلاس کا اختتام دعائے مغفرت پر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais