
پونے، 18 جون (ہ س)۔ جھولا چھاپ ڈاکٹروں کے خلاف مؤثر مہم چلانے اور عوام کو محفوظ طبی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے مہاراشٹر ہومیوپیتھی کونسل نے ’’ڈی جی-کے وائی ڈی‘‘ نامی ایک جدید اور منفرد اقدام شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ریاست کے رجسٹرڈ ہومیوپیتھی ڈاکٹروں کو کیو آر کوڈ سے مزین ’’ڈائنامک پلیٹس‘‘ فراہم کی جا رہی ہیں، جنہیں کلینک کے نمایاں حصے میں آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس نظام کے تحت مریض، عام شہری اور جانچ کرنے والے افسران کیو آر کوڈ اسکین کرکے متعلقہ ڈاکٹر کی رجسٹریشن، تعلیمی اہلیت اور لائسنس کی قانونی حیثیت کی فوری جانچ کر سکیں گے۔ اس مہم میں ریاست بھر کے تقریباً 90 ہزار رجسٹرڈ ہومیوپیتھی ڈاکٹروں کو شامل کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر (آیوش) ڈاکٹر رمن گھنگرالیکر نے اس اقدام کو بوگس ڈاکٹروں کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری کسی بھی ڈاکٹر سے علاج یا مشورہ لینے سے قبل کیو آر کوڈ اسکین کرکے اس کی تصدیق ضرور کریں۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جعلی طبی پریکٹیشنرز پر مؤثر قابو پانے میں مدد ملے گی اور عوام کا اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔مہاراشٹر ہومیوپیتھی کونسل کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر باہوبلی شاہ نے بتایا کہ اس نئی نظام کے ذریعے شہری آسانی سے کسی بھی ڈاکٹر کی معلومات کی جانچ کر سکیں گے۔ اس سے علاج شروع کرنے سے پہلے یہ اطمینان حاصل کیا جا سکے گا کہ متعلقہ ڈاکٹر باقاعدہ رجسٹرڈ اور مجاز ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو جعلی ڈاکٹروں کے جال سے بچانا اور صحت کے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ کونسل نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صحت کے تحفظ کے لیے علاج سے قبل ڈاکٹر کی اسناد اور رجسٹریشن کی تصدیق ضرور کریں اور کسی بھی مشتبہ معاملے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے