
کانپور، 18 جون (ہ س)۔ اترپردیش میں کانپور ضلع کے گھاٹم پور تھانہ علاقے کے تحت مغربی علاقے آچی محلہ کے ایک گھر میں جمعرات کو کھانا پکانے کے دوران اچانک دھماکہ ہونے سے آگ لگ گئی۔ آگ نے تیزی سے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ خاندان کے تمام افراد بحفاظت باہرنکلگئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
صبح محلہ کے ساکن ریاض کی بیوی آمنہ کچن میں کھانا بنا رہی تھی۔ اسی دوران ایک گیس سلنڈر اور پریشر کوکرزور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقہ مکین جائے وقوعہ کی طرف بھاگے۔ کچن سے بھڑکنے والی آگ تیزی سے گھر کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ آمنہ واقعے سے چند لمحے قبل کچن سے نکلی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس سانحے سے بچ گئی۔ اگر وہ اس وقت اندر ہوتی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا تو آس پاس کے مکانات کو نقصان ہونے سے بچ گیا۔ تاہم گھر کے اندر موجو گھریلو اشیاء، استعمال کی اشیاءاور ایک موٹر سائیکل مکمل طور پرجل گئی۔ خاندان کے نقصانات کا تخمینہ لاکھوں روپے ہے۔
گھاٹم پور تھانہ انچارج منوج سنگھ بھدوریا نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں۔ مشترکہ کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حادثہ گیس سلنڈر کی وجہ سے پیش آیا۔ تفصیلی تفتیش جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی