
جموں, 18 جون (ہ س)ڈوڈہ پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت ایک بڑے این ڈی پی ایس مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مفرور خاتون ملزمہ کو گرفتار کر کے مزید ہیروئن نما مادہ برآمد کر لیا، جبکہ مالیاتی تحقیقات کے دوران ملزمان کے تقریباً 19 لاکھ روپے مالیت کے بینک کھاتے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ایف آئی آر نمبر 93/2026 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت درج مقدمے میں مطلوب ہینا بیگم عرف ٹکری زوجہ ظہیر عباس سکنہ صدیق آباد، ڈھاک محلہ ڈوڈہ، کافی عرصے سے مفرور تھی۔ تکنیکی نگرانی، خفیہ اطلاعات اور مسلسل کارروائیوں کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
دورانِ تفتیش ملزمہ کے انکشافات کی بنیاد پر مزید 15 گرام ہیروئن نما مادہ، ایک ڈیجیٹل وزن مشین، سلور فوائل اور منشیات کی پیکنگ و استعمال میں آنے والا دیگر سامان برآمد کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت جاری مالیاتی تحقیقات میں منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدنی کا سراغ لگاتے ہوئے ملزمان سے منسلک تقریباً 19 لاکھ روپے کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید اثاثوں اور غیر قانونی آمدنی کی تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق تازہ برآمدگی کے بعد اس مقدمے میں ضبط کی گئی ہیروئن یا براؤن شوگر نما مادے کی مجموعی مقدار 100 گرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 99 گرام چرس، 23 لاکھ 12 ہزار 160 روپے نقدی، 24 اینڈرائیڈ موبائل فون، ایک ڈیجیٹل وزن مشین اور دیگر قابل اعتراض سامان بھی ضبط کیا جا چکا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے منشیات فروشی کے ایک منظم نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈوڈہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ منشیات فروشوں یا مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں، جن کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر