

وڈودرا، 17 جون (ہ س)۔ گجرات کے وڈودرا میں کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب آج صبح 4 بجے کے قریب پیش آئے سڑک حادثے میں 6 افراد ہلاک اور 31 دیگر زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک 9 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو ایس ایس جی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بالاجی ٹریولز کی یہ لگژری بس راجستھان کے بانسواڑہ سے سورت جا رہی تھی۔ اسی دوران یہ سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ اطلاع ملنے پر ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، وڈودرا فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔
زخمی مسافر بنسی لال نے بتایا کہ وہ کام کے سلسلے میں راجستھان سے سورت جا رہا تھا۔ حادثے کے وقت وہ سو رہا تھا۔ اچانک ایک زوردار ٹکر ہوئی اور ایسا لگا جیسے وہ بجلی کا کرنٹ لگ گیا ہو۔ اس کے ساتھ بس میں دو اور نوجوان بھی سوار تھے۔
این ڈی آر ایف کی 6ویں بٹالین کے کمانڈنٹ سریندر سنگھ نے بتایا کہ کنٹرول روم کو صبح چاربج کر 40منٹ پر حادثے کی اطلاع ملی۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹیم نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اب تک 24 مسافروں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، جب کہ پانچ لاشوں کو بس سے نکال کر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تفتیش جاری ہے کہ کوئی اور مسافر اندر نہ پھنسا رہ جائے ۔ ابھی تک سرکاری طور پر مرنے والوں کے نام جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد