
صدر جمہوریہ 18 جون سے مدھیہ پردیش کے 5 روزہ دورے پر
۔ اونکاریشور جیوترلنگ کے درشن اور کونو نیشنل پارک کا دورہ کریں گی
بھوپال، 17 جون (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 18 جون کو مدھیہ پردیش کے پانچ روزہ دورے پر آ رہی ہیں۔ وہ یہاں 22 جون تک بیتول، اونکاریشور اور جبل پور میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گی اور شیوپور کے مشہور کونو نیشنل پارک کا دورہ بھی کریں گی۔ ان کے مجوزہ بیتول دورے کے پروگرام کی تیاریوں کے سلسلے میں آج ٹرائل لینڈنگ اور کارکیڈ ریہرسل ہوگی۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 18 جون کو صبح 9.25 بجے اندور ائیرپورٹ آئیں گی۔ یہاں سے وہ صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیتول کے لیے روانہ ہوں گی۔ صدر جمہوریہ صبح 11.10 بجے بیتول میں برہما کماریز کے پروگرام میں شرکت کریں گی۔ اس کے بعد دوپہر 12.20 بجے بیتول سے اونکاریشور کے لیے روانہ ہوں گی اور دوپہر 1.40 بجے اونکاریشور پہنچیں گی۔ وہ شام 6.20 بجے اونکاریشور مندر میں درشن کر کے آرتی میں شامل ہوں گی۔ وہ رات کا قیام این ایچ ڈی سی گیسٹ ہاوس اونکاریشور میں کریں گی۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اگلے دن 19 جون کو اونکاریشور میں صبح 9.50 بجے عالمی سیکل سیل اینیمیا ڈے پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کریں گی۔ وہ صبح 11.30 بجے اونکاریشور سے روانہ ہو کر دوپہر 12.15 بجے اندور ائیرپورٹ پہنچیں گی۔ وہ دوپہر 12.25 بجے اندور ائیرپورٹ سے مغربی بنگال کے کلائی کنڈا ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گی۔
صدر جمہوریہ 20 جون کو شام 6.10 بجے ہوائی جہاز کے ذریعے جبل پور ائیرپورٹ آئیں گی۔ یہاں سے وہ سرکٹ ہاوس کے لیے روانہ ہوں گی۔ وہ رات کا قیام جبل پور کے سرکٹ ہاوس میں ہی کریں گی۔ صدر جمہوریہ اگلے دن 21 جون کو صبح 7.20 بجے جبل پور میں منعقدہ عالمی یومِ یوگا کے پروگرام میں شرکت کریں گی۔ اس پروگرام کے بعد صدر جمہوریہ دوپہر 11.40 بجے رانی درگاوتی یونیورسٹی جبل پور کے 36 ویں کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔
اس کے بعد وہ دوپہر 1.20 بجے جبل پور ائیرپورٹ سے گوالیار کے لیے روانہ ہوں گی۔ وہ دوپہر 2.20 بجے گوالیار پہنچیں گی۔ یہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کونو نیشنل پارک کے لیے روانہ ہوں گی۔ وہ دوپہر 3.35 بجے کونو گیسٹ ہاوس پہنچیں گی۔ صدر جمہوریہ رات کا قیام کونو گیسٹ ہاوس میں کریں گی۔ وہ اگلے دن 22 جون کو صبح 6.30 بجے کونو نیشنل پارک کا دورہ کریں گی۔ صدر جمہوریہ صبح 10.20 بجے کونو نیشنل پارک ہیلی پیڈ سے روانہ ہو کر صبح 11.05 بجے گوالیار ائیرپورٹ پہنچیں گی اور گوالیار ائیرپورٹ سے صبح 11.15 بجے وہ دہلی کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن