
ایل جی نے اسنو لیپرڈ اینڈ ہائی آلٹیٹیوڈ نیچر کنزرویشن سوسائٹی کے قیام کو منظوری دی
جموں، 17 جون (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے برفانی چیتے اور بلند پہاڑی علاقوں کے قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے ’اسنو لیپرڈ اینڈ ہائی آلٹیٹیوڈ نیچر کنزرویشن سوسائٹی‘ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہوگا جو لداخ میں جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحول دوست ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔
سرکاری ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر اس سوسائٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران، عوامی نمائندے اور ماحولیاتی شعبے سے وابستہ ممتاز شخصیات اس کے اراکین میں شامل ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ سوسائٹی کا مقصد برفانی چیتے اور اس کے قدرتی مسکن کا تحفظ، حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا، انسان اور جنگلی حیات کے درمیان تنازعات کو کم کرنا، سائنسی تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا اور مقامی آبادی کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لداخ کے نازک پہاڑی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق برفانی چیتا لداخ کے قدرتی ورثے اور ماحولیاتی شناخت کی اہم علامت ہے، جس کا تحفظ پورے خطے کے ماحول کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ کنزرویشن سوسائٹی کے قیام سے ماحولیات کے تحفظ، مقامی برادریوں کی شمولیت اور پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ برفانی چیتا دنیا کی نایاب اور خطرے سے دوچار جنگلی بلیوں میں شمار ہوتا ہے اور اسے ’پہاڑوں کا بھوت‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس جانور کا تحفظ ٹرانس ہمالیائی ماحولیاتی نظام کے استحکام اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر