
نئی دہلی، 17 جون (ہ س)۔ جنوب مغربی ضلع کے ستیہ نکیتن علاقے میں بدھ کی صبح ایک ٹیک اوے ریسٹورنٹ میں آگ لگ گئی، جس سے افرا تفری مچ گئی ۔ تاہم محکمہ فائر بریگیڈ کے عملے کی بروقت کارروائی کی بدولت آگ پر بروقت قابو پالیا گیا۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
دہلی فائر سروس کے مطابق، بدھ کی صبح 6:09 بجے، چانکیہ پوری فائر اسٹیشن کو ستیہ نکیتن میں مدر ڈیری کے قریب ساؤتھ کیمپس علاقے کے ایک ریستوران میں آگ لگنے کی کال موصول ہوئی۔اطلاع ملنے پر محکمہ فائر بریگیڈ نے چار گاڑیوں اور ایک کیو آر وی کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔
ابتدائی تحقیقات میں آگ کی شدت کے پیش نظر موقع پر موجود لیڈنگ فائر مین سومرن نے چھ بج کر 25 منٹ پر اضافی وسائل اور سینئر افسر بھیجنے کی درخواست کی۔ اس کے بعد دوسری گاڑی روانہ کی گئی۔
فائر فائٹرز نے زبردست کوشش کے بعد صبح 6 بج کر 50 منٹ پر آگ پر قابو پالیا۔حکام کے مطابق آگ ریسٹورنٹ کے گراؤنڈ فلور پر موجود فرنیچر اور برتنوں تک محدود رہی ۔ آگ پر بروقت قابو پانے سے بڑا سانحہ ٹل گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جس ریستوراں میں آگ لگی ،وہ ٹیک اوے سروس فراہم کرتا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ وجہ کی تحقیقات کر رہا ہے۔ واقعے کے وقت ریسٹورنٹ میں کوئی گاہک یا ملازم موجود نہیں تھا، اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد