فیفا ورلڈ کپ 2026 : لارن کے گول نے کینیڈا کو شکست سے بچایا، بوسنیا سے 1-1 کی برابری
فیفا ورلڈ کپ 2026 : لارن کے گول نے کینیڈا کو شکست سے بچایا، بوسنیا سے 1-1 کی برابری نئی دہلی، 13 جون (ہ س)۔ ورلڈ کپ 2026 کے گروپ-بی کے مقابلے میں جمعہ کے روز مشترکہ میزبان کینیڈا نے آخری وقت تک جدوجہد کرتے ہوئے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف 1-1 س
کینیڈا کے کائل لارن (دائیں) بوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف ٹیم کا پہلا گول کرنے کے بعد اپنے ساتھیوں کے ساتھ جشن مناتے ہوئے۔


فیفا ورلڈ کپ 2026 : لارن کے گول نے کینیڈا کو شکست سے بچایا، بوسنیا سے 1-1 کی برابری

نئی دہلی، 13 جون (ہ س)۔ ورلڈ کپ 2026 کے گروپ-بی کے مقابلے میں جمعہ کے روز مشترکہ میزبان کینیڈا نے آخری وقت تک جدوجہد کرتے ہوئے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیلا۔ مقابلے میں کینیڈا طویل وقت تک شکست کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، لیکن متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترنے والے کائل لارن نے ٹیم کو اہم پوائنٹ دلا دیا۔

کینیڈا اس مقابلے میں اپنے کپتان الفونسو ڈیوس کے بغیر اترا، جو ہیمسٹرنگ کی چوٹ سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ بوسنیا نے میچ کے 21 ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔ کارنر سے آنے والی گیند پر جووو لوکچ نے شاندار فنش کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا پہلا گول داغا اور ٹیم کو 0-1 سے آگے کر دیا۔ دوسرے ہاف میں کینیڈا نے لگاتار حملے کیے اور 53 ویں منٹ میں برابری کا سنہرا موقع ملا، لیکن رچی لاریا کے شاٹ کو بوسنیا کے ڈیفینڈر سیڈ کولاسیناک نے گول لائن کے پاس شاندار طریقے سے روک دیا۔

اس کے بعد کینیڈا نے لگاتار دباو بنائے رکھا، لیکن گول کے سامنے درستگی کی کمی دیکھی گئی اور بوسنیا کی ٹیم برتری بچانے میں کامیاب نظر آنے لگی۔ تاہم 76 ویں منٹ میں میدان پر آنے والے کائل لارن نے میچ کا رخ بدل دیا۔ میدان میں آنے کے محض تین منٹ بعد ہی انہوں نے باکس کے اندر گھوم کر زور دار شاٹ لگایا، جو ڈیفلیکشن لے کر گول میں تبدیل ہو گیا اور کینیڈا نے 1-1 کی برابری کر لی۔

اسٹاپیج ٹائم کے آخری منٹوں میں کینیڈا کے پاس جیت کا موقع بھی آیا۔ رچی لاریا نے گیند لارن تک پہنچائی، لیکن بوسنیا کے ڈیفینڈر طارق محریمووچ نے شاندار دفاع کرتے ہوئے گول نہیں ہونے دیا۔ اس ڈرا کے ساتھ کینیڈا نے ورلڈ کپ مہم کی شروعات ایک پوائنٹ کے ساتھ کی، جبکہ بوسنیا جیت کے بے حد قریب پہنچ کر بھی تین پوائنٹس حاصل نہیں کر سکا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande