
دھرم شالہ ،13جون (ہ س)۔ دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور افغانستان کے درمیان ایک روزہ میچ مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے بعد بھی شروع نہیں ہوسکا۔ہفتہ کو دوپہر 1.30 ڈیڑھ بجے شروع ہو نے والاون ڈے میچ میں بارش نے خلل ڈال دیا ہے۔ صبح سے مسلسل بارش کی وجہ سے دھرم شالہ میں ہونے والے اس میچ کو لے کر الجھن برقرار ہے۔ بارش کی وجہ سے اسٹیڈیم کے اسٹینڈ بھی خالی پڑے ہیں۔ گراونڈ کا پچ ایریا ترپال سے ڈھکا ہوا ہے، حالانکہ آوٹ فیلڈ بارش سے کافی گیلا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے تماشائیوں کا جوش و خروش جاری ہے۔ رین کوٹ اور چھتریوں کے ساتھ تماشائی بارش کے درمیان ڈٹے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتے کی صبح تقریبا 11 بجے سے اسٹیڈیم کے دروازے تماشائیوں کے لیے کھول دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے کرکٹ سے محبت کرنے والے آہستہ آہستہ اسٹیڈیم کی طرف بڑھ رہے تھے۔ لیکن جیسے جیسے بارش جاری رہی، ہجوم کا اسٹیڈیم کی طرف جھکاو کم ہوا اور ابھی بھی لوگوں کی ایک چھوٹی سی تعداد میچ شروع ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔ برسات کے موسم کے اس مزاج سے، خاص طور پر بیرونی ریاستوں کے شائقین، خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ دھولادھار پہاڑیوں پر کل رات تازہ برف باری ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی